آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔‘
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف نے جمعرات کو لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب میں انہوں نے نو مئی کے حوالے سے کہا کہ ’ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔‘
’اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیے کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔‘
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔ تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما، جو کے اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں، کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اُن کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔‘
جنرل عاصم منیر نے فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ ’شہدا اور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
’اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔‘
انہوں نے زور دیا کہ ’دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹلل دہشت گردی کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔‘
قبل ازیں آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔