بیسک ریسکیو کورس – 43کی پاسنگ آؤٹ پریڈکاایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں انعقاد
سندھ کی 58خواتین ریسکیورز اور بلوچستان کے 97ریسکیورز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہو گئے
پاکستان لاہور(نمائندہوائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر صحت بلوچستان نے سردار فیصل خان جمالی نے ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹرز سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں پاکستان کے دیگر صوبوں کے لیے تربیت یافتہ 155 پاس آؤٹ ریسکیورز سے حلف لیا۔ انہوں نے سندھ کی 58 خواتین ریسکیورز اور بلوچستان کے 97 مرد ریسکیورز کو اپنی پیشہ وارانہ تربیت کی کامیاب تکمیل اور اس زندگیاں بچانے والی ایمرجنسی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو سندھ ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے افسران، ریسکیوہیڈ کوارٹر اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز، ریسکیورز اور ان کے اہل خانہ اور میڈیا کے اہلکاروں نے بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز اور ان کے اہل خانہ اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ریسکیورز خصوصاً سندھ کی خواتین ریسکیورز کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم کے ان بیٹوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ محکمہ ایمرجنسی سروسز ایک با عزت ادارہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کا دورہ کریں گی۔ ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ موٹر وے پر ایمرجنسی سروسز کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے سب صوبوں اور شہروں سے محبت اور پیار ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطاء فرمائیں۔ اکیڈمی میں ایمرجنسی کی تربیت مکمل کرنے والے دوسرے صوبوں سے آنے والے ریسکیورز پنجاب سے تربیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بھائی چارے کا پیغام بھی لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی سروسز کو پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک بڑھایا تھا۔ شہباز شریف نے لاہور سے موٹر بائیک ریسکیو سروس کا بھی آغاز کیا اور بعد ازاں اسے پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلا دیا اور موجودہ پنجاب حکومت بھی ریسکیو 1122کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے پنجاب میں ایمرجنسی سروسز کے آغاز سے لے کراقوام متحدہ،انسراگ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکی کے زلزلہ میں ریسپانس کے تازہ ترین ریسکیو آپریشن تک کی روئیداد کے سفر کو بھی شیئر کیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی کے بارے میں بھی بریفنگ دی جس میں اکتوبر 2004 میں ایمرجنسی سروسز کے قیام سے لے کر اب تک 15 ملین سے زیادہ ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی کے متاثرین کوفوری سروسز فراہم کرنا شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کی فائر سروس نے 2لاکھ 37ہزار سے زائد فائر کی ایمرجنسیز پر ریسپانس کرتے ہوئے جدید خطوط اور پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ سے 673 بلین کے ممکنہ نقصانات کو محفوظ رکھا۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے پاکستان کے تمام صوبوں کے لیے 24000 سے زیادہ ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمی دیگر ممالک یعنی تاجکستان، شام اور سری لنکا کے پروفیشنل کو بھی تربیت فراہم کر چکی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے صوبوں کی ایمرجنسی سروسز کے لیے اکیڈمی کی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مددکے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سینئر وزیر صحت سردار فیصل خان جمالی اور وزیر بلدیات و بحالی مخدوم محبوب نے سندھ اور بلوچستان کے ریسکیورز کوتربیت فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے ڈیپ ویل ریسکیو، واٹر ریسکیو، فائر فائٹنگ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، محدود جگہ سے ریسکیو اور اونچائی سے ریسکیو کی فرضی مشقوں کے دوران ایمرجنسی مینجمنٹ میں اپنی پیشہ ورامہارت کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے کورس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کو انعامات سے نوازا۔