مشرق وسطیٰ

وزیراعلی مریم نوازشریف کا منفرد اقدام، آٹا کے مارکیٹ نرخ منگوا کراجلاس میں سامنے رکھ دئیے

آٹا نرخ کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر اظہار ناپسندیدگی، آٹا مارکیٹ نرخ کی ڈیلی رپورٹ طلب، پرمٹ کے ساتھ آٹا کی نقل وحمل کی اجازت کا اصولی فیصلہ، آٹا کے نرخ ناجائزبڑھانے کی اجازت نہیں دوں گی، مریم نواز شریف

لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):‌وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے اجلاس میں منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے آٹا کے مارکیٹ نرخ منگوا کر سامنے رکھ دئیے- محکمہ فوڈ کی بریفنگ میں پیش کردہ ڈیٹا مارکیٹ کے آٹا نرخ سے مختلف تھے- وزیراعلیٰ مریم نواز نے آٹا کے نرخ کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر ناپسندیدگی کااظہار کیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پاکستان کوالٹی کنٹرول سٹینڈرڈ کی کیٹیگری کے مطابق آٹا نرخ کے تعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹا کے مارکیٹ نرخ کی ڈیلی رپورٹ طلب کرلی۔
اجلاس میں پرمٹ کے ساتھ آٹا کی نقل و حمل کی اجازت کا اصولی فیصلہ کیا گیا- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ فوڈ کی ری سٹرکچرنگ کی ہدایت کی اور کرپٹ عناصر کے خلاف یقینی قانونی کارروائی کا حکم دیا -وزیراعلی نے محکمہ فوڈ کے افسران اور ملازمین کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکنزم بنانے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ آٹا کے نرخ ناجائز طور پر بڑھانے کی اجازت نہیں دوں گی- مافیاز اپنا کام کررہے ہیں اور محکمے سو رہے ہیں۔
محکمے اپنا کام نہیں کریں گے تو گورننس کیسے بہتر ہوگی۔ کسان اپنی گندم بیچ چکا ہے، اب مافیاز کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 2.2 ملین میٹرک ٹن گندم کے سرکاری ذخائر موجود ہیں۔ پنجاب میں مجموعی طور پر6 ملین میٹرک ٹن سے زائد گندم موجود ہے۔ ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے گندم ذخائر کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، وزراء بلال یاسین، سید عاشق حسین، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button