
آئی جی پنجاب نے 10 شہداء کے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دیئے، ترجمان پنجاب پولیس
آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہداء کی فیملیز کو جدید سہولیات سے آراستہ بہترین رہائشی سکیموں میں پلاٹس فراہم کئے گئے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ 2017ء سے قبل کے 657 شہداء پولیس کے اہلخانہ کو پلاٹس فراہم کئے جا چکے ہیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کا 2017ء سے قبل کے شہداء کے اہل خانہ کے لئے اپنی چھت کی فراہمی کا مشن تیزی سے تکمیل کی جانب سے گامزن ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے مزید 10شہداء کی فیملیز کو ذاتی گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کر دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے فیصل آباد ریجن کے شہداء کے اہلخانہ سے سنٹرل پولیس آفس ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے 10 شہداء کے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دئیے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہداء کی فیملیز کو جدید سہولیات سے آراستہ بہترین رہائشی سکیموں میں پلاٹس فراہم کئے گئے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ 2017ء سے قبل کے 657 شہداء پولیس کے اہلخانہ کو پلاٹس فراہم کئے جا چکے ہیں، پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کے لئے مستحق فیملیز کو مالی معاونت بھی فراہم کر رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے اب تک شہدا کی فیملیز کو 03 کروڑ 80 لاکھ روپے گھروں کی تعمیر کیلئے فراہم کر چکی ہے۔
تقریب میں شہید انسپکٹر محمد ادریس، سب انسپکٹر تاج محمد، اے ایس آئی جہانگیر حیدر، کانسٹیبلز ذوالفقار احمد اور حبیب احمد،انسپکٹر محمد افضل، کانسٹیبلز صفدر حسین، لیاقت علی، نور احمد اور مقصود احمد کے اہلخانہ کو پلاٹس فراہم کئے گئے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہدا کی فیملیز کے لئے پلاٹس کا انتظام کرنے والے سپروائزری افسران، نیک و مخیر حضرات کے تعاون کے لئے مشکور ہیں، پلاٹس حاصل کرنے والے شہداء کے اہل خانہ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان ا نور کا شکریہ ادا کیا، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان، سی پی او فیصل آباد کامران عادل اور اے آئی جی ویلفیئر عمارہ شیرازی نے تقریب میں شرکت کی۔ سی پی او ملتان، ڈی پی اوز بہاولپور، بہاولنگر اور آر او سی ٹی ڈی راولپنڈی سمیت متعلقہ افسران کی بذریعہ ویڈیو لنک تقریب میں شرکت کی۔