پاکستان: کل سے پنجاب بھر میں ہیلتھ ویک منایا جارہا ہے۔صوبائی وزیر صحت
صوبائی وزیر صحت کو سموگ، ڈینگی کے تمام عوامل، وجوہات اور تدارک کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا, تمام ہسپتالوں میں موجود انسنریٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایت کردی گئی ی
لاہور: صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ انسداد سموگ کے لئے ترکیہ حکومت نے ایک لاکھ این-95 اور این-99 ماسک فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی اور سموگ سے بچاؤ کے حوالہ سے ضروری ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے اور فارما انڈسٹری کو ہدایت کردی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں مارکیٹ میں ادویات کی قلت نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک ماہ میں 20 لاکھ افراد سانس، دل، دمہ، فالج اور آنکھوں کے امراض سے متاثر ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت نے انسداد سموگ و ڈینگی کے حوالہ سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت کو سموگ، ڈینگی کے تمام عوامل، وجوہات اور تدارک کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی بہتر حکمت عملی سے سموگ میں کمی کا رحجان ایا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کل سے صوبہ بھر میں ہیلتھ ویک منایا جارہا ہے۔اس سلسلہ میں تمام ہسپتالوں میں موجود انسنریٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہیلتھ ویک میں تمام مریضوں کے بہتر علاج کے لئے انکی مکمل سکریننگ کرکے ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ شوگر کے مریض بچوں کی ہسپتالوں میں سکریننگ کروائیں تاکہ مفت گلوکو میٹر، سٹرپ اور انسولین انکے گھروں میں پہنچائی جاسکیں۔خواجہ عمران نذیر نے سی اوز ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ اگلے دو ماہ میں سموگ سے متاثرہ افراد کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر شیئر کریں۔ضرورت کے مطابق LP کے ذریعے ادویات خریدیں، غیر ضروری ادویات خریدنے پر ایم ایس، سی ای او ہیلتھ ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی خریداری میں تمام قواعدو ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔اس طرح تمام ایم ایس حضرات کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہسپتالوں میں روزانہ وزٹ کرکے محکمہ صحت کو روزانہ چیک لسٹ فراہم کی جائے۔اس موقع پر سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے کہا کہ اگلے سال سموگ اور ڈینگی سے بچاؤ کے لئے مائیکرو پلاننگ بہتر طریقے سے کی جائے اور ہسپتالوں میں وارڈز اور واش رومز کی صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری اپریشن، ڈی جی ڈرگ کنٹرول، ڈائریکٹر سی ڈی سی، دیگر انتظامی افسران موجود تھے جبکہ تمام اضلاع کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔