پاکستان

تھانہ چاپری میانوالی پر خوارجی دہشت گردوں کا اچانک حملہ،04 دہشت گرد ہلاک، ترجمان پنجاب پولیس

پولیس اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں نے تھانہ کی عمارت پر راکٹ لانچرز برسائے، ہینڈ گرنیڈز بھی پھینکے

میانوالی: تھانہ چاپری میانوالی پر خوارجی دہشت گردوں کا اچانک حملہ؛ پنجاب پولیس میانوالی نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 04 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا سے متصل پنجاب کی بین الصوبائی سرحد پر عیسی خیل سرکل کے تھانہ چاپری پر دہشت گرد حملہ آور ہوئے، 20 سے زائد خوارجی دہشت گردوں نے بھاری اسلحہ کے ساتھ تھانہ پر اچانک حملہ کیا۔ پولیس اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں نے تھانہ کی عمارت پر راکٹ لانچرز برسائے، ہینڈ گرنیڈز بھی پھینکے۔ تھانہ چاپری کا تمام عملہ محفوظ رہا، 02 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 04 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ڈی پی او میانوالی اختر فاروق اور سینئر پولیس افسران موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر میانوالی پولیس کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ہمہ وقت الرٹ ہےاور فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔ تھانہ چاپری کے عملے، ایلیٹ فورس سمیت آپریشن میں شامل تمام جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button