لاہور: خانہ فرہنگ قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران میں فارسی کے شاعر رودکی کی یاد میں پروقار تقریب کا انعقاد
رودکی کو فارسی ادب کا سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ ان کے کلام نے فارسی زبان کی ترقی اور انسانیت کے لیے اہم پیغامات پہنچائے
لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور میں فارسی کے عظیم شاعر رودکی کی یاد میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں چنیوٹ کے محمدی شریف کالج اور لاہور کے ہر سکھ ٹرسٹ سکول کے طلبہ کے ساتھ ساتھ خانہ فرہنگ میں فارسی سیکھنے والے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران خانہ فرہنگ میں فارسی زبان کا کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو سرٹیفیکیٹ دیے گئے۔ اس تقریب کے مہمانانِ گرامی میں پاکستان کے نامور کیلگرافی آرٹسٹ عرفان قریشی، ریٹائرڈ جسٹس جواد خواجہ، محمدی شریف کالج کے پرنسپل فیصل حیات جبہ، اور ہر سکھ سکول کے پرنسپل آفتاب شیخ شامل تھے۔
خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر اصغر مسعودی نے خطاب کرتے ہوئے فارسی شاعری کی عظمت اور رودکی کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رودکی کو فارسی ادب کا سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ ان کے کلام نے فارسی زبان کی ترقی اور انسانیت کے لیے اہم پیغامات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مہمانانِ گرامی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فارسی ادب اور رودکی کی شاعری کی اہمیت پر بات کی۔ پروفیسر ڈاکٹر حافظ احمدیار نے فارسی ادب کو برصغیر کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ نے رودکی کی شاعری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خانہ فرہنگ کی جانب سے فارسی زبان و ادب کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔