ایرانی صدر پیزشکیان رواں ہفتے مصر کا دورہ کریں گے:ایرانی میڈیا
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے اگلے جمعرات کو مصر کے دورے کی خبر دی تھی۔ایرانی میڈیا کے مطابق شام کی حالیہ پیش رفت کے پیش نظراس اجلاس کے موقع پر ایران اور ترکیہ کے صدور کی ملاقات متوقع ہے
ایرانی ذرائع نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ ایرانی صدرمسعود پیزشکیان رواں ہفتے قاہرہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ایران کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ ایرانی صدر کا دورہ مصر آٹھ ترقی پذیر ممالک کے گروپ (D-8) کے اجلاس میں شرکت کےدوران ہوگا۔عہدیدار نے کہا کہ اجلاس میں ایرانی صدر پیزشکیان شرکت کریں گے اور اجلاس میں شریک دیگر عہدیداروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس سے قبل میڈیا نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے اگلے جمعرات کو مصر کے دورے کی خبر دی تھی۔ایرانی میڈیا کے مطابق شام کی حالیہ پیش رفت کے پیش نظراس اجلاس کے موقع پر ایران اور ترکیہ کے صدور کی ملاقات متوقع ہے جس میں شام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے 2013ء میں قاہرہ کا دورہ کیا تھا، یہ تقریباً 34 سالوں میں کسی ایرانی صدر کا مصرکا پہلا دورہ تھا۔مصر کے سابق صدر محمد مرسی نے سب سے پہلے ان کا قاہرہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا جہاں ان کے لیے سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سنہ 1979ء میں ایرانی اسلامی انقلاب کے بعد کسی صدر کا یہ پہلا دورہ تھا۔ ایران کے انقلاب کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔