سرمایہ کاری کا فروغ اور صنعتکاری کا عمل تیز کرنا میرا مشن ہے۔چوہدری شافع حسین
دورہ چین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔چین میں منعقدہ پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس میں 60سے زائد کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی
(سید عاطف ندیم.پاکستان): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے صنعتکاروں کے وفد نے ان کے انڈسٹری کے آفس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت مختلف کمپنیز کے ڈائریکٹر میاں طارق نثار کر رہے تھے۔وفدنے پنجاب میں اپنے گروپ کی سرمایہ کاری بڑھانے اور قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں نیا کارخانہ لگانے کا اعلان کیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خوشی ہے کہ آپ کے گروپ نے نیا کارخانہ لگانے کیلئے پنجاب کا انتخاب کیا ہے۔قائد اعظم بزنس پارک میں نیا کارخانہ لگانے کے لئے ہر ممکن سہولت دیں گے۔نیا کارخانہ لگانے کیلئے زمین کی فراہمی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کا فروغ اور صنعتکاری کا عمل تیز کرنا میرا مشن ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ دورہ چین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔چین میں منعقدہ پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس میں 60سے زائد کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی۔سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ جلد پنجاب میں چین کی کمپنیوں کی بڑی سرمایہ کاری آئے گی۔ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔
کمپنیز کے ڈائریکٹر میاں طارق نثارنے کہاکہ ہمارا گروپ قائدِ اعظم بزنس پارک میں سینتھیٹک لیدر، پی وی سی شیٹ اور فیکٹری میٹریل بنانے کا کارخانہ لگائے گا۔ وفد میں کمپنیز کے ڈائریکٹرز میاں ندیم نثار ،ثاقب رضا ،ڈائریکٹر فیصل بنک محسن طارق اور دیگر شامل تھے۔