
اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے حملے ’جتنے دن لگ جائیں، جاری رہیں گے۔‘
اسرائیل نے اپنی بقا کی خاطر ایرانی خطرے کو ختم کرنے کے لیے ’ٹارگٹڈ ملٹری آپریشن‘ شروع کیا
ایجنسیاں
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’یہ آپریشن اتنے دنوں تک جاری رہے گا جتنے دن اس خطرے کو دور کرنے کے لیے لگیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے اپنی بقا کی خاطر ایرانی خطرے کو ختم کرنے کے لیے ’ٹارگٹڈ ملٹری آپریشن‘ شروع کیا۔
بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ایرانی کمانڈروں اور میزائل فیکٹریوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے، اور تہران کی طرف سے جوابی میزائل اور ڈرون حملوں کی توقع میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم اسرائیل کی تاریخ کے فیصلہ کن لمحے میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے۔ ’ہم نے نطنز میں ایران کی اہم افزودگی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ہم نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے دل کو بھی نشانہ بنایا۔‘
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے سائنسدانوں کو نشانہ بنایا ہے جو ایرانی ایٹمی بم پر کام کر رہے تھے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے بعد میں اطلاع دی کہ جوہری سائنسدان فریدون عباسی دوانی اور محمد مہدی تہرانچی اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔
نظنز شہر میں ایک عینی شاہد نے بتایا کہ تنصیب کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایک سینیئر ایرانی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ ملک کی قیادت اعلیٰ سکیورٹی میٹنگ کر رہی ہے۔