
ایس آئی ایف سی کی پالیسیوں سے سرمایہ کاری اور برآمدات میں نمایاں بہتری
ایس آئی ایف سی کے مؤثر اقدامات کے باعث مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی
اسلام آباد:اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت دوسرا سال معیشت، سرمایہ کاری اور اصلاحات کے میدان میں نمایاں کامیابیوں کے ساتھ مکمل ہوا۔
مالی سال 2024-25 کے ابتدائی 11 ماہ میں ملک کو 34.89 ارب ڈالر کی فارن ریمیٹنس موصول ہوئیں، جس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ موصول ہونے والی 70 فیصد ریمیٹنس سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ سے آئیں۔
یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں 8.62 فیصد اضافہ ہوا اور رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 7.553 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
ایس آئی ایف سی کے مؤثر اقدامات کے باعث مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ سماجی خدمات، ربڑ، سیمنٹ، تعمیرات اور گھریلو اشیاء کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔
غیر ملکی کمپنیوں کی منافع کی واپسی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، اور گزشتہ سال کی نسبت 115 فیصد زیادہ منافع واپس بھیجا گیا، جس سے سرمایہ کاری پر اعتماد کی بحالی ظاہر ہوتی ہے۔
پاکستان کے پہلے گرین سکوک کا اجراء کیا گیا، جس کے ذریعے 30 ارب روپے ماحولیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے۔
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.4 ارب ڈالر کے پائیدار ترقیاتی فنڈز کی منظوری دی، جو ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں کے عالمی سطح پر اعتماد کی علامت ہے۔
معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور ملک کی معیشت بحالی کے سفر پر رواں دواں ہے۔