
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی سکھ برادری کو بابا گرونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی مبارکباد
ننکانہ صاحب اور دیگر گوردواروں کے گرد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں تمام مذہبی مقامات کی سیکیورٹی فول پروف بنائی گئی ہے
مخدوم حسین-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
لاہور: صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے سکھ برادری کو بابا گرونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک نے انسانیت، محبت اور امن کا پیغام دیا جبکہ بابا گرونانک کی تعلیمات مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال ہیں۔ رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ ننکانہ صاحب اور دیگر گوردواروں کے گرد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں تمام مذہبی مقامات کی سیکیورٹی فول پروف بنائی گئی ہے۔ رانا محمد اقبال خان نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کے تحفظ کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہے تاہم پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو آئین کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت پنجاب سکھ یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی کے لیے تمام انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے۔کرتارپور راہداری پاکستان کے بین المذاہب رواداری کے عزم کی روشن علامت ہے جبکہ مذہبی ہم آہنگی، قانون کی پاسداری اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔



