
لاہور: پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں، امن و امان یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں ہائی الرٹ، متعدد ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں فلیگ مارچ کیے گئے اور اہم داخلی و خارجی مقامات پر اضافی ناکہ بندیاں کی گئیں
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پولیس ہائی الرٹ رہی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں فلیگ مارچ کیے گئے اور اہم داخلی و خارجی مقامات پر اضافی ناکہ بندیاں کی گئیں۔
شہر بھر میں فلیگ مارچ
ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال نے ڈویژنل افسران کے ہمراہ فلیگ مارچ کی قیادت کی، جس میں ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، پی آر یو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔
فلیگ مارچ چوک یتیم خانہ، اسکیم موڑ، دبئی چوک، بھیکے وال موڑ، وحدت روڈ، کریم بلاک، ملتان روڈ، کھاڑک ناکہ، بابو صابو، بند روڈ، رنگ روڈ، سبزہ زار اور ملحقہ علاقوں میں کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ناکہ بندی سے ہونے والی معمولی تاخیر کو برداشت کریں اور پولیس سے تعاون کریں۔
سول لائنز ڈویژن کی کارروائیاں — دو منشیات فروش گرفتار
سول لائنز ڈویژن نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزنگ اور گڑھی شاہو سے دو ملزمان شہزادہ قاسم اور دیدار کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 1320 گرام چرس اور 240 گرام آئس برآمد کی گئی۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔
کینٹ ڈویژن کی کاروائی — دو مزید منشیات فروش گرفتار
کینٹ ڈویژن پولیس کے مطابق اعوان ڈھائے والا چوکی پولیس نے دورانِ پٹرولنگ دو منشیات فروشوں آصف عرف موچھا اور دانش کو گرفتار کیا۔
ملزمان کے قبضہ سے ڈیڑھ کلو سے زائد چرس اور 460 گرام آئس برآمد ہوئی۔
مزید کارروائی کے لیے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
صدر ڈویژن — امپورٹڈ شراب کی سپلائی ناکام
جوہر ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے امپورٹڈ شراب کی سپلائی ناکام بنا کر ایک ملزم عمران نور کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 10 بوتلیں امپورٹڈ شراب برآمد ہوئیں۔ ملزم کا جرائم پیشہ ریکارڈ موجود ہے اور وہ متعدد بار جیل جا چکا ہے۔
ماڈل ٹاؤن — سنچر و ڈکیت گروہ گرفتار
ماڈل ٹاؤن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بہار کالونی کے علاقے سے سنچر و ڈکیتوں کے گروہ کو گرفتار کر لیا۔
یہ گروہ چند روز قبل ماڈل ٹاؤن سرکلر روڈ پر واردات میں ملوث تھا۔
پولیس نے ملزمان سے دو پستول اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کی۔
گروہ کے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
لاہور پولیس کا شہداء کو خراجِ تحسین — شہید کانسٹیبل محمد آصف کی برسی
لاہور پولیس نے شہید کانسٹیبل محمد آصف کی برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی جبکہ شہید کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک تھے۔
کانسٹیبل محمد آصف 18 نومبر 2013 کو تھانہ شادباغ میں ڈیوٹی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔
ایس پی ہیڈ کوارٹر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جان کی قربانی دینے والے شہداء پولیس کا فخر ہیں۔
ڈولفن سکواڈ کی کارروائیاں — 36 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد
ڈولفن سکواڈ نے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 36 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔
ان میں سے 12 موٹر سائیکلیں قانونی کارروائی کے بعد مالکان کے حوالے کر دی گئیں جبکہ 18 جعلی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
مزید 6 موٹر سائیکلیں متعلقہ تھانوں کے سپرد کی گئیں۔
ملت پارک — 10 سالہ بچے پر تشدد، استاد گرفتار
ملت پارک کے علاقے میں 10 سالہ بچے ایان شہروز پر استاد کی جانب سے تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 44 سالہ ملزم نواز کو گرفتار کر لیا، جس نے سبق یاد نہ ہونے پر بچے کو پلاسٹک پائپ سے مارا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق بچوں اور خواتین پر ہونے والے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے۔
متاثرہ بچے کی دادی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے۔




