کھیل

بی سی سی آئی کے سربراہ کی رمیز راجہ کو آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ رمیز راجہ اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ رمیز راجہ اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ دعوت ملنے کے باوجود فائنل دیکھنے نہیں جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی اور بی سی سی آئی کے سربراہ کے درمیان ہونے والی غیر رسمی ملاقات خوشگوار رہی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کرنے کیساتھ ساتھ کرکٹ کی دنیا میں ایشین بلاک کو متحرک کرنے سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ سے بھی جمعرات کو رمیز راجہ کی ملاقات ہوئی تھی، جو اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 15 ویں ایڈیشن کی میزبانی سری لنکا کو مل گئی ہے جو 2022ءمیں منعقد ہو گا۔ مذکورہ ٹورنامنٹ کی میزبانی اس سے قبل پاکستان کے پاس تھی تاہم باہمی رضامندی کیساتھ یہ حقوق سری لنکا کو دیدئیے گئے اور اب پاکستان 2023ءمیں ایشیاءکپ کی میزبانی کرے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button