
متحدہ عرب امارات کا قومی وحدت کو نقصان پہنچانے والے دہشت گرد نیٹ ورک کے خاتمے کا دعویٰ
حساس مقامات تک رسائی کے لیے بیرونی اشاروں پر خفیہ ملاقاتیں اور بھرتیوں کا انکشاف
عرب ایجنسیاں
متحدہ عرب امارات کے سٹیٹ سکیورٹی سروس نے ایک دہشت گرد تنظیم کے خاتمے اور اس کے ارکان کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے جو قومی وحدت کو نقصان پہنچانے اور استحکام کو متزلزل کرنے کی خفیہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ یہ گروہ ریاست کی زمین پر منظم دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا جبکہ تنظیم کے ارکان سے ہونے والی تحقیقات میں اس کے ایران میں "ولایتِ فقیہ” کے ساتھ روابط کا انکشاف ہوا ہے۔
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تنظیم کے ارکان نے انتہا پسند دہشت گردانہ نظریات اپنا رکھے تھے جو اندرونی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔ ان ارکان نے بیرونی اداروں کے ساتھ مربوط منصوبے کے تحت حساس مقامات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے خفیہ ملاقاتوں کے ذریعے لوگوں کو متاثر کرنے اور بھرتی کرنے کا عمل شروع کر رکھا تھا۔
تنظیم کے ارکان پر عائد الزامات میں ریاست کی سرزمین پر ایک خفیہ تنظیم قائم کرنا اور اسے چلانا، بیرونی وفاداریوں کا حلف لینا اور قومی وحدت و سماجی امن کو نقصان پہنچانا شامل ہے۔ مانیٹرنگ اور بعد میں ہونے والی تحقیقات کے مطابق اس تنظیم کے ارکان نے ریاست کے اندر اور باہر دہشت گرد عناصر اور مشکوک تنظیموں کے ساتھ خفیہ میٹنگز کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد اماراتی نوجوانوں تک گمراہ کن خیالات منتقل کرنا اور انہیں بیرونی وفاداریوں کے لیے بھرتی کرنا تھا تاکہ ریاست کی خارجہ پالیسی اور اندرونی اقدامات کے خلاف اشتعال انگیزی کی جائے اور ملک کے امیج کو منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جائے۔
اماراتی سٹیٹ سکیورٹی کے بیان کے مطابق یہ تنظیم غیر سرکاری طریقے سے فنڈز جمع کرنے اور انہیں بیرونی مشکوک اداروں کو منتقل کرنے میں بھی ملوث تھی۔
سٹیٹ سکیورٹی سروس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ عوامی سکیورٹی کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی خطرے سے سختی سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ بیان میں شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع سرکاری ذرائع کے ذریعے دیں تاکہ سکیورٹی اور استحکام کے نظام کو مزید تقویت مل سکے۔



