معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار فتح، قومی و عالمی میڈیا کا اعتراف
پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید حکمت عملی اور جذبہ ایمانی نے بھارت کے اربوں ڈالر مالیت کے دفاعی نظام کو ناکام بنا دیا
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
معرکہ حق میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کی گونج قومی اور عالمی میڈیا پر سنائی دی، جبکہ عالمی دفاعی ماہرین نے بھی پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور جوابی کارروائی کو مؤثر اور دندان شکن قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں وار کیا تو پاک فوج نے دن کے اجالے میں بھرپور اور عبرتناک جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید حکمت عملی اور جذبہ ایمانی نے بھارت کے اربوں ڈالر مالیت کے دفاعی نظام کو ناکام بنا دیا۔
بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے آپریشن “بنیان مرصوص” کی گونج دنیا بھر کے میڈیا پر سنائی دی، جبکہ بین الاقوامی دفاعی تجزیہ کاروں نے اس کارروائی کو بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف مؤثر ردعمل قرار دیا۔
پاکستان کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے بعد بھارت کے مضبوط دفاع سے متعلق کھوکھلے دعوے بھی بے نقاب ہو گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بیان بھی سچ ثابت ہوا کہ “جب پاکستان حملہ کرے گا تو پوری دنیا دیکھے گی۔”
قومی میڈیا نے بھی پاکستان کی اس کامیابی کو ملکی دفاعی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جنگی مہارت کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا جوابی حملہ عسکری برتری کی بہترین مثال ہے، جبکہ مسلح افواج نے اپنے سے پانچ گنا بڑے ازلی دشمن کو عبرتناک شکست دے کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔



