بین الاقوامیاہم خبریں

بھارت میں ’کاکروچوں‘ کا کل احتجاجی جلسہ، بانئے تحریک شرکت کے لیے امریکہ سے روانہ

’’بھارت جا رہا ہوں، اپنی قسمت بھارتی آئین کے سپرد کر رہا ہوں۔‘‘ ؛دیپکے

بھارت میں سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی طنزیہ سیاسی تحریک کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دیپکے ہفتہ کے روز دہلی میں مجوزہ احتجاج میں شرکت کے لیے آج جمعے کو امریکہ سے نئی دہلی روانہ ہو گئے۔

وائرل آن لائن تحریک اب ڈیجیٹل دنیا سے نکل کر عملی سیاست کی جانب قدم بڑھا رہی ہے۔ پارٹی نے 6 جون کو ایک ’پرامن احتجاج‘ کی کال دی ہے جس میں بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ یہ مطالبہ حالیہ امتحانی پرچوں کے لیک ہونے اور امتحانات کی منسوخی کے واقعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

دیپکے نے روانگی سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’بھارت جا رہا ہوں، اپنی قسمت بھارتی آئین کے سپرد کر رہا ہوں۔‘‘

یہ تحریک مئی میں اس وقت وجود میں آئی جب بھارت کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے مبینہ طور پر بعض بے روزگار نوجوانوں کو ’کاکروچ‘ اور ’طفیلیے‘ قرار دیا تھا۔ اس بیان پر نوجوانوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ تاہم بعد میں چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے ریمارکس کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی اگرچہ ایک طنزیہ تحریک کے طور پر سامنے آئی ہے، لیکن اس نے نوجوانوں کے مسائل، بے روزگاری اور تعلیمی نظام سے متعلق عوامی بے چینی کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا ہے۔

دریں اثنا دیپکے نے اپنے حامیوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے نہ آئیں۔ دیپکے کے مطابق وہ براہ راست پولیس حکام سے رابطہ کریں گے اوراحتجاج کے لیے اجازت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس دوران دہلی ہائی کورٹ نے جمعے کو اس درخواست پر سماعت سے انکار کردیا جس میں سی جے پی کے احتجاج کے باعث امن و امان کی صورتحال پر خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button