ایک حالیہ سروے کے مطابق جرمنی کے بیشتر شہریوں کو اپنی قومی فٹبال ٹیم کے فیفا ورلڈ کپ جیتنے کی توقع نہیں ہے۔
جرمن سرکاری نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف کی جانب سے کیے گئے سروے میں صرف 15 فیصد افراد نے یہ رائے دی کہ کوچ جولیان نگلسمان کی قیادت میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہو گی۔
سروے کے مطابق سب سے بڑی تعداد، یعنی 33 فیصد شرکاء، کا خیال ہے کہ جرمن ٹیم کوارٹر فائنل مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی، جہاں اس کا مقابلہ فرانس کی قومی فٹ بال ٹیم سے ہو سکتا ہے۔
نتائج کے مطابق 15 فیصد افراد نے پیش گوئی کی کہ جرمنی راؤنڈ آف 16 میں شکست کھا جائے گا، جبکہ اتنے ہی افراد کا خیال ہے کہ ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔ صرف 2 فیصد شرکاء نے کہا کہ جرمنی فائنل تک پہنچ کر ہار جائے گا۔
سروے میں شامل 3 فیصد افراد نے قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے مزید مایوس کن پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی گزشتہ دو ورلڈ کپ کی طرح اس بار بھی گروپ مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جرمن قومی ٹیم گزشتہ دو عالمی کپ مقابلوں میں گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی تھی، جس کے باعث شائقین کے اعتماد میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔


