
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر سیاسی قیادت نے امریکہ ایران معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترقی پذیر ممالک کے لیے امن معاہدہ مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے، پاکستان 19 جون کو جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے
انصار ذاہد سیال-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
ایوان صدر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرے گی۔صدر مملکت نے کہا مفاہمتی یادداشت خطے میں پائیدار اور جامع امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو اس مشکل دور میں مسلسل بات چیت اور سفارتکاری کی حمایت کرنے پر فخر ہے اور پاکستان نے ہمیشہ مسائل کے پرامن حل کیلئے مثبت کردار ادا کیا،دعا ہے کہ یہ سفارتی کوششیں خطے اور دنیا کیلئے زیادہ سے زیادہ امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک رواں ہفتے متعدد ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں معاہدے پر عملدرآمد سے قبل تکنیکی امور پر مشاورت کی جائے گی۔وزیراعظم نے تنازع کےسفارتی حل پر امریکہ اور ایران کا بھی شکریہ ادا کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ پیش رفت سفارت کاری کی کامیابی ہے، مذاکرات اور مکالمہ ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پورے عمل میں تحمل اور تعمیری روابط کی حمایت جاری رکھی۔ سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کی سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی شراکت داروں کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، پیش رفت سے خطے اور عالمی معیشت میں استحکام کی اُمید پیدا ہوئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے امن معاہدہ مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے، پاکستان 19 جون کو جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے، مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔مثبت پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، عالمی برادری کے لیے مفاہمت کا معاہدہ ایک مثبت پیغام ہے۔ گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےامریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ کاخیرقدم کیا ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امن معاہدہ کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے امن کی طرف اہم قدم ہے، مثبت پیشرفت عمل میں شامل تمام فریقین کی مدبرانہ قیادت اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمل کو آگے بڑھانے میں وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، علاقائی استحکام کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثابت قدم حمایت کو سراہتا ہوں۔



