
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر، محترمہ اینا لیپل نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم، سیاحت، ثقافت، اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے سفیر کو پاکستان کی معاشی بحالی اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں معاشی استحکام بہتر ہوا ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، پالیسی ریٹ کم ہوئے ہیں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبہ بندی کے عمل کو ڈیجیٹلائز کرکے سرکاری شعبے کے نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، جبکہ پلاننگ کمیشن کے پراجیکٹ مینجمنٹ اور منظوری کے نظام میں بھی شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی بڑھانے کے لیے اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
احسن اقبال نے جرمنی کے ساتھ اعلیٰ تعلیم، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے، تحقیقی تعاون، وظائف اور تعلیمی تبادلہ پروگراموں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ایک اہم شعبہ بن سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے جرمنی کو گلگت بلتستان میں پائیدار اور ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے لیے تعاون کی دعوت دیتے ہوئے سیاحتی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں جرمن مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ سال شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ منائی جائے گی اور اس حوالے سے بین الاقوامی تقریبات کی تیاریاں جاری ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکری تشکیل میں جرمنی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، اس لیے پاکستان ان تقریبات میں جرمنی کی بھرپور شرکت کا خواہاں ہے۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں اور ترقیاتی ترجیحات کو سراہتے ہوئے تعلیم، پائیدار ترقی، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی روابط کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مستحکم کرنے کے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔



