یورپتازہ ترین

یوکرین کے لیے 50 ہزار ڈرونز کی خریداری میں جرمنی کی معاونت

اسکائی فال نے اس معاہدے میں جرمنی کے کردارکی تصدیق کی، تاہم خریداری کی مزید تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

روئٹرز، اے ایف پی کے ساتھ

ایک باخبر ذریعے کے مطابق جرمنی نے یوکرین کے لیے 50 ہزار اٹیک ڈرونز کی خریداری کے لیے مالی معاونت فراہم کی ہے، جو کییف کے لیے کسی مغربی حکومت کی جانب سے ڈرونز کی سب سے بڑی معلوم خریداریوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان ڈرونز میں یوکرین کی معروف کمپنی اسکائی فال کے تیار کردہ شرائیک ”فرسٹ پرسن ویو‘‘ ایف پی وی  حملہ آور ڈرونز بھی شامل ہیں۔ ان میں امریکی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی آٹویرین کا سافٹ ویئر نصب ہے۔ یہ سافٹ ویئر پرواز کے آخری مرحلے میں متحرک اہداف کا خودکار طور پر تعاقب کر کے انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آٹویرین کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر لورینز مائر نے معاہدے کے حجم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی مالیت تقریباً 9 کروڑ یورو (تقریباً 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) ہے اور اس کی مالی معاونت ایک یورپی ملک کر رہا ہے۔

انہوں نے روئٹرز کو بتایا کہ ان میں سے کچھ ڈرونز پہلے ہی یوکرینی حکومت کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی رواں سال کے دوران فراہم کر دیے جائیں گے۔

اسکائی فال نے اس معاہدے میں جرمنی کے کردارکی تصدیق کی، تاہم خریداری کی مزید تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

جرمنی کی وزارت دفاع نے آپریشنل سکیورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ یوکرین کی وزارت دفاع نے بھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

یوکرین کا ایک ڈرون
یوکرین گزشتہ چار برس سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران روس کے مختلف علاقوں، خصوصاً توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو ڈرونز سے نشانہ بناتا رہا ہےتصویر: Tarasov Volodymyr/Ukrinform/picture alliance

شرائیک ڈرون نے پینٹاگون کی توجہ حاصل کر لی

رپورٹ کے مطابق کم لاگت والا شرائیک ڈرون، جو 2023 سے یوکرین میں استعمال ہو رہا ہے، حالیہ عرصے میں بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں توجہ کا مرکز رہا ہے۔

اسکائی فال اور برطانوی کمپنی اسکائی کٹر کے اشتراک سے تیار کیے گئے شرائیک 10-ایف نے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے زیرِ انتظام مقابلے کے پہلے مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ مقابلہ پینٹاگون کے 1.1 ارب ڈالر کے اس منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت لاکھوں یک طرفہ حملہ آور ڈرونز خریدنے کا پروگرام جاری ہے۔

امریکی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی آٹویرین نے بتایا کہ اس کا سافٹ ویئر مقابلے میں شامل متعدد ڈرونز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

آٹویرین کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر لورینس مائر کے مطابق کمپنی مختلف ڈرون ساز اداروں کے اشتراک سے رواں سال یوکرین کو مجموعی طور پر ایک لاکھ ڈرونز فراہم کرنے میں معاونت کر رہی ہے، جن کی مالی معاونت کئی مغربی حکومتیں کر رہی ہیں۔

ان کے مطابق اس میں امریکی محکمہ دفاع کا 5 کروڑ ڈالر کا معاہدہ بھی شامل ہے، جس کے تحت 33 ہزار ڈرونز یوکرین کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ برطانیہ نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ 752 ملین پاؤنڈ (تقریباً 1.01 ارب ڈالر) کے وسیع تر امدادی پیکج کے تحت رواں سال یوکرین کو ایک لاکھ 50 ہزار ڈرونز فراہم کرے گا۔

یوکرینی تازہ ڈرون حملوں میں ماسکو میں تین افراد ہلاک

اس دوران روسی حکام کے مطابق ماسکو کے علاقے میں یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ یہ حملے ایسے وقت پر کیے گئے ہیں جب یوکرین نے روسی فضائی حملوں کے جواب میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

یوکرین گزشتہ چار برس سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران روس کے مختلف علاقوں، خصوصاً توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتا رہا ہے۔ کییف کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں روس کی جانب سے یوکرینی علاقوں پر مسلسل حملوں کا جواب ہیں۔

ماسکو ریجن کے گورنر آندرے وروبیوف نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ ضلع ایسترا کی بستی پیونیئرسکی میں ایک ڈرون گرنے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button