
ناصف اعوان-ادارت
وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کی زیرِ قیادت نیشنل ای او سی میں قومی پولیو مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی اور صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹرز کے کوآرڈینیٹرز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے مربوط اور مقررہ مدت پر مبنی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ شرکا نے آئندہ کی حکمتِ عملی اور ترجیحات کے تعین پر بھی تفصیلی گفتگو کی، جبکہ ہائی رسک علاقوں میں ٹارگٹڈ انسدادِ پولیو اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور ان کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ حکومتِ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف پیش رفت حوصلہ افزا ہے، تاہم ابھی سفر مکمل نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیو کے خلاف جنگ کے فیصلہ کن مرحلے میں کسی بھی سطح پر غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ عائشہ رضا فاروق نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محدود وسائل کے پیشِ نظر دستیاب وسائل کا مؤثر اور ترجیحی استعمال ناگزیر ہے۔



