پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کے تمام حساس پوسٹوں اور محکموں میں اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسران کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کی بھی تعیناتی کی ہدایت کی۔

سید عاطف ندیم-ادارت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کاروباری برادری کے جاری ٹیکس اصلاحات پر بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی 2 روز قیام کریں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کو مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرنے اور سمگلنگ، ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے چکوال اور صوابی میں سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کے تمام حساس پوسٹوں اور محکموں میں اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسران کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کی بھی تعیناتی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیس لیس نظام کا مکمل رول آؤٹ 2027 تک یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ فیس لیس ان لینڈ ریونیو نظام کا پہلا مرحلہ یکم اکتوبر 2026 سے فعال ہوگا۔ اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فیس لیس نظام ایف بی آر کی حالیہ ڈیجیٹائزیشن اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس نظام میں ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کے لیے نیشنل فیس لیس آڈٹ ونگ اور اسیسمینٹ کے لیے فیس لیس اسیسمینٹ یونٹ شامل ہیں۔ فیس لیس نظام میں ٹیکس کیسز کا دائرہ اختیار جغرافیائی حدود سے قطع نظر رینڈم بنیادوں پر مختص کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کی ہدایت پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں قیام اور کاروباری برادری سے ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ کراچی میں 7 بڑے تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ کراچی میں قیام کے دوران کاروباری برادری کو درپیش مسائل فوری حل کیے گئے۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ برآمد کنندگان کے ٹیکس ریفنڈز کے لیے ٹائم باؤنڈ ایس او پیز جاری کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چکوال میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، فیکٹری سیل، غیر قانونی سگریٹ کا ذخیرہ اور مشینری قبضے میں لے لی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوابی میں بھی غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button