
پاکستان اور ملائیشیاء کا انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مو ثر بنانے پر بھی اتفاق ہوا
سید عاطف ندیم-ادارت
اسلام آباد: ملائیشیا ءکے وزیر داخلہ سیف الدین ناسیتیون بن اسماعیل وزارت داخلہ پہنچے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔ پاکستان اور ملائیشیاء کے وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگراموں کے شعبوں میں اشتراک کار پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزارت داخلہ میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد جلد ملائیشیاء کا دورہ کرے گا۔
دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کے لیے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مو ثر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان ملائیشیاء کے کوسٹ گارڈ کے شعبے میں تجربات سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا امید ہے آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ ملائیشیاء مسلم ممالک میں تیز رفتار ترقی کرنے والا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ ملائیشیاء سیاحت کے لیے پاکستانیوں کے لیے بہترین آپشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کے لیے ورک کوٹہ بڑھنے سے مزید پاکستانی قانونی طریقے سے ملائیشیاء آ سکیں۔
وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



