
وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی نے اسلام آباد کے تاریخی ورثے کے مقامات سیاحوں کے لیے کھول دیے
حکومت تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ تاریخی مقامات کو عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دلانے کے لیے یونیسکو کی شرائط مکمل کی جائیں گی۔
نیوز ڈیسک
اسلام آباد: وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے اسلام آباد کے تاریخی ورثے کے تین اہم مقامات کو سیاحوں اور عوام کے لیے کھول دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے مائی قمرَو مسجد، مقبرہ سلطان مقرب خان اور پھروالہ مقبرے کا افتتاح کیا۔
تقریباً 450 سال قدیم مائی قمرَو مسجد اور 350 سال قدیم مقبرہ سلطان مقرب خان کو عوام اور سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ تقریباً ایک ہزار سال قدیم پھروالہ مقبرہ بھی سیاحوں کے لیے دستیاب ہوگا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ یہ تاریخی مقامات یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل ہیں۔ گکھڑ دور سے وابستہ یہ تاریخی ورثہ پاکستان کی تاریخ اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ تاریخی مقامات کو عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دلانے کے لیے یونیسکو کی شرائط مکمل کی جائیں گی۔
اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ تاریخی مقامات تک رسائی بہتر بنا کر ثقافتی سیاحت کو فروغ دیا جائے گا اور ملک کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کے سامنے لایا جائے گا۔


