
چین کی ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کیا ہے؟ امریکہ کو دوبارہ پانڈاز بھیجنے کا اعلان
اس روایت کو خاص طور پر 1972 میں اہمیت ملی، جب امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورۂ چین کے بعد بیجنگ نے امریکہ کو دو دیوہیکل پانڈاز دیے تھے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران اعلان کیا ہے کہ چین دو دیوہیکل پانڈاز امریکہ کے اٹلانٹا چڑیا گھر بھیجے گا، جسے چین کی ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کی ایک نئی کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ دو پانڈاز ’پنگ پنگ‘ اور ’فو شوانگ‘ چند روز میں اٹلانٹا چڑیا گھر پہنچیں گے، جبکہ چینی صدر نے دیوہیکل پانڈا کو ’چینی اور امریکی عوام کے درمیان دوستی کا سفیر‘ قرار دیا۔
دونوں پانڈاز چین کے شہر چینگدو میں قائم ’جائنٹ پانڈا بریڈنگ ریسرچ بیس‘ میں پیدا ہوئے ہیں۔ نر پانڈا ’پنگ پنگ‘ اور مادہ پانڈا ’فو شوانگ‘ کو پانڈا تحفظ اور تحقیق کے لیے کیے گئے نئے معاہدے کے تحت امریکہ بھیجا جا رہا ہے۔
’پانڈا ڈپلومیسی‘ کیا ہے؟
چین کے دیوہیکل پانڈاز کئی دہائیوں سے بین الاقوامی تعلقات میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں۔ چین کی جانب سے دوسرے ممالک کو پانڈاز دینے یا معاہدوں کے تحت بھیجنے کے عمل کو عام طور پر ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کہا جاتا ہے۔
اس روایت کو خاص طور پر 1972 میں اہمیت ملی، جب امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورۂ چین کے بعد بیجنگ نے امریکہ کو دو دیوہیکل پانڈاز دیے تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت پانڈاز کو دونوں ممالک کے درمیان نئے تعلقات کی علامت کے طور پر دیکھا گیا تھا۔
چین نے 1984 کے بعد پانڈاز کو مستقل طور پر تحفے میں دینے کے بجائے عموماً معاہدوں کے تحت دوسرے ممالک کے چڑیا گھروں کو بھیجنا شروع کیا۔
ایسے معاہدوں میں پانڈا تحفظ اور تحقیق سے متعلق تعاون شامل ہوتا ہے، جبکہ بیرونِ ملک پیدا ہونے والے پانڈا کے بچے بھی چین کی ملکیت رہتے ہیں اور بعد میں چین واپس بھیجے جاتے ہیں۔
امریکہ میں پانڈاز کی واپسی
اٹلانٹا چڑیا گھر میں اس سے قبل بھی چینی پانڈاز موجود رہے ہیں۔ زو اٹلانٹا کے مطابق چین کے ساتھ اس کا اصل پانڈا معاہدہ 1999 میں شروع ہوا اور 2024 میں ختم ہوا۔ اس دوران ’لنلن‘ اور ’یانگ یانگ‘ کے ہاں 2006 سے 2016 کے درمیان سات بچے پیدا ہوئے۔

سابق معاہدہ ختم ہونے کے بعد ان کے دو کم عمر بچے ’یا لن‘ اور ’شی لن‘ 12 اکتوبر 2024 کو اٹلانٹا سے چین واپس چلے گئے، جبکہ اس جوڑے کے دیگر پانچ بچے پہلے ہی چین منتقل ہو چکے تھے۔
امریکہ میں پانڈا پروگرام صرف اٹلانٹا تک محدود نہیں۔ واشنگٹن کے نیشنل زو میں ’باؤ لی‘ اور ’چنگ باؤ‘ جبکہ سان ڈیاگو زو میں ’یون چوان‘ اور ’شِن باؤ‘ بھی موجود ہیں۔ یہ دونوں چڑیا گھر 2024 میں چین سے پانڈاز حاصل کر چکے ہیں۔
چین پانڈاز ہی کیوں بھیجتا ہے؟
دیوہیکل پانڈا چین سے جڑا ہوا ایک نمایاں جانور ہے اور چین نے کئی دہائیوں سے اسے بیرونِ ملک چڑیا گھروں کے ساتھ تعاون اور تحفظِ جنگلی حیات کے پروگراموں میں شامل کیا ہے۔
نئے معاہدے کے تحت پانڈا کے تحفظ اور تحقیق سے متعلق تعاون جاری رکھا جائے گا۔ زو اٹلانٹا کے مطابق اس کی چین کے ساتھ سابقہ شراکت داری کے دوران رہائش گاہوں کی بحالی، قدرتی ذخائر کے انتظام اور دیگر تحفظاتی منصوبوں میں بھی معاونت کی گئی تھی۔

پنگ پنگ اور فو شوانگ کی امریکہ آمد کی حتمی تاریخ ابھی جاری نہیں کی گئی۔ شی جن پنگ نے صرف یہ کہا ہے کہ دونوں پانڈاز ’چند روز‘ میں اٹلانٹا پہنچیں گے، جبکہ زو اٹلانٹا نے بھی آمد سے متعلق مزید معلومات بعد میں جاری کرنے کا کہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پانڈا ڈپلومیسی کی خاص بات یہ ہے کہ ایک ایسا جانور جو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، چین اسے ثقافتی کشش، تحفظِ جنگلی حیات اور بین الاقوامی سفارت کاری کو جوڑنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔.



