
اے پی کے ساتھ
فرانس برطانیہ کے ساتھ تارکین وطن کی آمد کو محدود کرنے سے متعلق اس دو طرفہ معاہدے کے خاتمے کا خواہش مند ہے، جو پیرس اور لندن کی حکومتوں کے مابین گزشتہ برس طے پایا تھا۔
فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے بدھ 30 ستمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ملکی وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ پیرس حکومت کے لندن حکومت کے ساتھ اس موضوع پر مذاکرات جاری ہیں کہ وہ باہمی معاہدہ ختم کر دیا جائے جو دونوں ممالک کے مابین 2025ء میں طے پایا تھا اور جس کا مقصد انگلش چینل یا رودبار انگلستان کے راستے چھوٹی کشتیوں میں سوار ہو کر برطانیہ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد کو عملاﹰ کم سے کم کرنا تھا۔
ایسے تارکین وطن اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر اس انگلش چینل کو پار کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر سفر کرتے ہیں، جس کے ایک طرف فرانس ہے اور دوسری طرف برطانیہ۔

اس معاہدے کو عرف عام میں ’ون اِن، ون آؤٹ‘ (one-in-one-out) معاہدہ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فرانس سے غیر قانونی طور پر انگلینڈ پہنچنے والے نئے تارکین وطن کے بدلے برطانیہ سے ٹھیک اتنی ہی تعداد میں ایسے تارکین وطن کو واپس فرانس بھیج دیا جاتا ہے۔
اس موضوع پر آج بدھ ہی کے روز فرانسیسی اخبار ’لموند‘ میں ایک رپورٹ بھی شائع ہوئی تھی۔ اس رپورٹ کے مندرجات کی تصدیق کرتے ہوئے پیرس میں فرانسیسی وزارت داخلہ کے حکام نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’اس معاہدے سے اخراج کی شرائط کے بارے میں دونوں ممالک کے مابین مذاکرات جاری ہیں۔‘‘
لندن میں برطانوی حکومت اب تک مؤثر اس معاہدے کی مدت میں توسیع کی خواہش مند تھی، مگر پیرس کی طرف سے اس سمجھوتے میں ممکنہ توسیع کے سلسلے میں کوئی گرم جوشی نہیں دکھائی گئی۔



