پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

برقی تنصیبات کی حفاظت، معیار اور لائسنسنگ نظام کا تفصیلی جائزہ،صوبائی وزیر توانائی کی زیرِ صدارت لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کا اہم اجلاس

برقی حفاظت کے معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،عوام کے جان و مال کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے: صوبائی وزیر توانائی

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

سید عاطف ندیم-ادارت
صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں برقی تنصیبات کی حفاظت، معیار، لائسنسنگ نظام اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران برقی تنصیبات کی تنصیب، مرمت اور دیکھ بھال کے دوران حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد، برقی حادثات کی روک تھام اور لائسنسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برقی حفاظت کے معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سرکاری و نجی برقی تنصیبات میں حفاظتی ضوابط کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی سطح پر حفاظتی معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ برقی تنصیبات کے باقاعدہ معائنہ اور جانچ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور ان کا تدارک ممکن ہو سکے۔ برقی تنصیبات کی تنصیب اور مرمت کے کام میں صرف مجاز اور لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کی خدمات حاصل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ برقی حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت برقی نظام میں بہتری، حفاظتی معیار کے فروغ اور ذمہ دارانہ طریقہ کار کے نفاذ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیدار بجلی کے نظام کی تنصیب اور دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے لائسنسنگ نظام کو شفاف، مؤثر اور سہل بنانا ضروری ہے۔ لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کے لائسنس کی تجدید کا عمل شفاف اور آسان بنایا جائے گا تاکہ اہل اور ذمہ دار ٹھیکیداروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لائسنسنگ اور معائنہ کے نظام میں جدید طریقہ کار کو فروغ دیا جائے، ریکارڈ کو بہتر بنایا جائے اور برقی تنصیبات کے حفاظتی معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی سمیت متعلقہ افسران اور لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button