پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

گورو رام داس جی کے جنم دن پر گوردوارہ کی توسیع کا اعلان،بھارت سمیت دنیا بھر کے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی دعوت

گوردوارہ جنم استھان گورو رام داس جی کی توسیع کا بنیادی مقصد سکھ یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انہیں اپنی مذہبی رسومات زیادہ آسانی اور عقیدت کے ساتھ ادا کرنے کے لیے مناسب جگہ مہیا کرنا ہے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

سید عاطف ندیم-ادارت
سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے سکھ یاتریوں کی سہولت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے چونا منڈی لاہور میں واقع گوردوارہ جنم استھان گورو رام داس جی کی توسیع کا اعلان جبکہ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کو گورو رام داس جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ یاتریوں کی مہمان نوازی اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام منعقدہ تقریب میں پاکستان بھر سے سکھ یاتریوں کے علاوہ برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سے آئے ہوئے سکھ عقیدت مندوں نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سیکرٹری جنرل پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی ستونت کور، سردار تارا سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ اور دیگر سکھ رہنما بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ناصر مشتاق نے کہا کہ گورو رام داس جی کی تعلیمات محبت، امن، بھائی چارے، مساوات اور خدمتِ انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا گوردوارہ جنم استھان گورو رام داس جی کی توسیع کا بنیادی مقصد سکھ یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انہیں اپنی مذہبی رسومات زیادہ آسانی اور عقیدت کے ساتھ ادا کرنے کے لیے مناسب جگہ مہیا کرنا ہے۔ گوردوارہ صاحب سے متصل تقریبا 13 مرلہ کا کمرشل پلاٹ کو گوردوارے میں شامل کرنے سے عبادت اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے لیے مزید گنجائش پیدا ہوگی۔
ناصر مشتاق نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایات کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ مذہب کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال، حفاظت اور ترقی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان میں موجود گوردوارے اور دیگر مذہبی مقامات ملک کے مذہبی و ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں،۔
سیکرٹری ناصر مشتاق کے مطابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کی ہدایات پر سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر اور طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ان کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
گوردوارہ جنم استھان کی توسیع کے اعلان پر سکھ برادری نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے اراکین اور دیگر سکھ رہنماؤں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیئرمین اور سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button