کھیل

دھواں وہیں سے اٹھتا ہے، جہاں پر آگ لگی ہو، جنید خان

سیاحتی مقام مری کے برفانی طوفان میں 23 افراد کی اموات پر قومی ٹیسٹ کرکٹر جنید خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جنید خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں سانحہ مری سے متعلق افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھواں وہیں سے اٹھتا ہے، جہاں پر آگ لگی ہو۔

فاسٹ بولر نے اپنے پیغام میں مری سے متعلق ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اور آپ چند پوسٹس شئیر کرکے اور لیڈرز ایک تعزیتی ٹوئٹ کرکے سو جائیں گے۔’

واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملکۂ کوہسار مری میں برف باری تھمنے پر امدادی کاموں میں تیزی آ گئی ہے، مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا ہے۔

مری میں شدید برف باری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے درخت گرے، جبکہ تمام سیاحوں کو رات سے پہلے ہی محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زائد فیملیز کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس موجود ہے، راستے آج بھی بند رہیں گے، تاہم امدادی کاموں میں تیزی آنے کے باوجود بھی سیاح انتظامیہ کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button