لاہور : سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کا کہناہے کہ آج کل نوازشریف کے آنے جانے کی فکر لگی ہے ۔چاہے کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سال کام کرنے کا ہے لیکن اگر ایسے کاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے جتنے پیسوں کا الزام نوازشریف پر ہے اس سے زیادہ تو ان کے کیسوں کے چکر میں خرچ کر دئیے گئے۔مہنگائی مہنگائی کا شور تو ہر طرف ہے لیکن اس کے خاتمے کیلئے کوئی تجویز نہیں دیتا۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ اگر ان کی پارٹی اور ورکر کہیں تو علیحدہ بات ہے وہ لوگ جو خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں وہ نوازشریف کی واپسی کا کہیں تو یہ نہایت مضحکہ خیز بات ہے۔ نوازشریف کی واپسی سے باہر نکلیں اور عوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی یا لیڈر مہنگائی کے خاتمے کیلئے پارلیمنٹ میں مثبت پلان دے تو اپنے ارکان کو کہوں گا کہ ان کی بات سنیں۔
واپسی کیلئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں یاد رکھیں۔ زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا۔ اس کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آج کل لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے پر لگے ہیں جس کا عنقریب وہ انجام خود دیکھیں گے۔