شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی۔سی سی پی او لاہور
سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداء کی پانچویں برسی کے موقع پرسی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ شہدا مال روڈ پنجاب پولیس کے بہادر شہیدوں سے تجدید عہد کا دن ہے
لاہور پاکستان(وائس آف پیپل یو ایس اے)12 فروری2020:سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداء کی پانچویں برسی کے موقع پرسی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ شہدا مال روڈ پنجاب پولیس کے بہادر شہیدوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔پنجاب پولیس کے بہادر اور غیور پولیس افسران اورجوانوں نے2017 میں آج ہی کے دن ارض پاک کی حفاظت اور فرائض کی ادائیگی کے دوران فیصل چوک مال روڈ لاہور پر جام شہادت نوش کیا۔ڈی آئی جی سید احمد مبین،ایس ایس پی زاہد گوندل،اے ایس آئی محمد امین،ہیڈ کانسٹیل عصمت اللہ،کانسٹیبلز محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر نے جام شہادت نوش کیا۔سی سی پی او فیاض احمد دیو نے کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی۔قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سربراہ لاہور پولیس نے مزید کہا کہ پولیس شہدا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کیا۔امن کے قیام،دہشت گردی کو شکست دینے میں پنجاب پولیس کے جوانوں کا کلیدی کردار ہے۔فرض کی ادائیگی کے لئے جان قربان کر دینا پنجاب پولیس کی عظیم روایت ہے۔پولیس شہدا نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے بہادری اور جرات کی لازوال تاریخ رقم کی۔فیاض احمد دیو نے سانحہ فیصل چوک مال روڈ کی پانچویں برسی پر اس عہد کو دہرایا کہ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی وطن کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔انہوں نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس شہدا کے ورثا اور لواحقین کی مناسب دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔