سرکاری عمارات کے نقشے جدید طرز کے مطابق تیار کروائے جائیں اور پرانی طرز کی بلڈنگز کی تعمیر سے گریز کیا جائے، سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب
اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو نئے اضلاع میں درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت نئے بنائے جانے والے چاروں اضلاع مری ، کوٹ ادو ، وزیر آباد اور تلہ گنگ کے ضلعی دفاتر کو فنگشنل کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ پنجاب ، ڈی جی پی ایل آر اے اکرام الحق سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنر گجرات ڈویژن، ڈی سی مری ،ڈی سی کوٹ ادو ، ڈی سی وزیر آباد اور ڈی سی تلہ گنگ بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو نئے اضلاع میں درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب زاہد اختر زمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نئے بنائے جانے والے اضلاع کا مقصد شہریوں کو گھر کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئے اضلاع میں افسران کی فی الفور تعیناتیاں کرکے بیسک سیٹ اپ تیار کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے بننے والے چاروں اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتیاں کر دی گئی ہیں اور قریبی اضلاع کے افسران کو اضافی چارج دے کر شہریوں کو سرکاری سروسز کی فراہمی کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئی بلڈنگز کی تعمیر کے لیے پی سی ون جلد ازجلد بورڈ آف ریونیو کو بجھوائیں جائیں اور نئے اضلاع میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس ، ضلعی دفاتر اور رہائشی عمارتوں کے تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئی تعمیر کی جانے والی سرکاری عمارات کے نقشے جدید طرز کے مطابق تیار کروائے جائیں اور پرانی طرز کی بلڈنگز کی تعمیر سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئی بنائی جانے والی سرکاری عمارات میں آنے والے شہریوں کے بیٹھنے کے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی سرکاری دفتر میں کھڑا نہ ہونا پڑے ، معذور اور بزرگ شہریوں کے لیے لفٹ کا انتظام بھی کیا جانا چاہیے۔ایس ایم بی آر نے کہا کہ نئے سیٹ اپ کے لیے جلد از جلد ڈیمانڈز بجھوائی جائیں اور فرنیچر ،مشینری و دیگر ضروری سامان کی خریداری کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سرکاری سروسز کا آغاز کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے اضلاع کا قیام حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے۔