قائداعظم ڈے کی مناسبت سے تمام ریلیوں، سیمینارزکو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے۔
شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رہیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):لاہور پولیس کی طرف سے قائدِ اعظم ڈے اور کرسمس تقریبات کو پُر امن بنانے کیلئے مربوط سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثر کی ہدایت پر لاہور پولیس نے مسیحی رہنماؤں اور چرچزانتظامیہ کی مشاورت سے کرسمس کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی۔افضال احمد کوثر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پرایس ایس پی آپریشنز محمد صہیب اشرف کی سپرویژن میں ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز سمیت 06ہزار سے زائد پولیس افسرا ن اورجوان ڈیوٹی انجام دیں گے جن میں 06ایس پیز،34 ڈی ایس پیز،83 ایس ایچ اوز،143 اَپرسب آرڈینیٹس شامل ہیں۔اس کے علاوہ شہر بھر میں 05 کرسمس بازار وں پر 150 کے قریب افسران واہلکار تعینات کئے گئے۔ گرجا گھروں اورعبادت گذاروں کو تین درجاتی حصار پر مبنی فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے گرجا گھروں اور اہم مقامات کا سکیورٹی آڈٹ کیا جا چکا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور کے تمام622گرجا گھروں کو اے، بی،سی اور ڈی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔کیٹیگری اے میں 59،بی84، سی 378 جبکہ ڈی کیٹیگری میں 101گرجا گھر شامل ہیں۔حساس گرجا گھروں کے چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔دعائیہ تقاریب میں شرکت کیلئے گرجاگھر آنے والے اشخاص کو مکمل شناخت اور چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہو گی۔ پولیس افسران،گرجا گھر انتظامیہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرزکا استعمال یقینی بنائیں۔پارکنگ گرجا گھروں سے مناسب فاصلہ پر بنائی جائے گی۔ کرسمس بازاروں،تفریح گاہوں اور پارکوں کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔افضال احمد کوثر نے کہا کہ قائداعظم ڈے کی مناسبت سے تمام ریلیز، سیمینارزکو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ 24 اور 25دسمبر کو شہر کے مختلف مقامات پر سپیشل55 پکٹس لگائی گئیں۔ ہوائی فائرنگ،آتش بازی،ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے ناکوں سمیت پٹرولنگ ٹیمیں متحرک رہیں گی۔ ڈولفن سکواڈ،پولیس ریسپانس یونٹ سمیت دیگر پٹرولنگ گاڑیوں کی متواتر گشت جاری رہے گی۔