عبداللہ خان سنبل کی جانب سےڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کومردم شماری کے کام کی مکمل مانیٹرنگ اور فیڈ بیک فراہم کرنے سے متعلق احکامات جاری
صوبائی رابطہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل مردم شماری نے آرمی، پولیس، ادارہ شماریات اور متعلقہ صوبائی محکموں کے درمیان موثر رابطہ کار کیلئے تحصیل اور ضلع کی سطح پر کنٹرول سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی رابطہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل مردم شماری نے آرمی، پولیس، ادارہ شماریات اور متعلقہ صوبائی محکموں کے درمیان موثر رابطہ کار کیلئے تحصیل اور ضلع کی سطح پر کنٹرول سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت صوبائی رابطہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل مردم شماری کے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیا گیا۔پروونشل سینس کمشنر علی بہادر قاضی، اعلیٰ سول و پولیس حکام اور ادارہ شماریات کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ مردم شماری پر مامور ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے جامع اور فول پروف پلان تیار کیا جائے اورپی ایس ایل میچزکو مدنظر رکھتے ہوئے ملتان اورلاہور میں سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں کے متعلقہ سٹاف کی ٹریننگ میں حاضری یقینی بنائی جائے۔
چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کومردم شماری کے کام کی مکمل مانیٹرنگ اور فیڈ بیک فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے، افسران اور ملازمین تفویض فرائض محنت اور نیک نیتی سے سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین نتائج کیلئے مردم شماری کے طریقہ کار بارے ایس او پیز پر من و عن عمل کیا جائے۔
پروونشل سینس کمشنر علی بہادر قاضی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کو مجموعی طور پر 167سینسس ڈسٹرکٹس میں تقسیم کیا گیا ہے اورتحصیل کی سطح پر فیلڈ سٹاف کی ٹریننگ کا آغاز سات جنوری سے ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 46ہزارآٹھ سو 73فیلڈ سٹاف، 6ہزاردو سو 50سپروائزر مردم شماری میں خدمات سر انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا اور ادارہ شماریات نے مردم شماری میں استعمال ہونے والے 155ٹیبلٹس مہیا کر دیئے ہیں۔ مردم شماری پر مامور ٹیموں کو تین درجاتی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اورآرمی اور رینجرز کے دستے سیکیورٹی کیلئے پولیس کو معاونت فراہم کرینگے۔