ڈی سی لاہور محمد علی نے تمام محکموں کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں.
الحمرا ہال سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی. ریلی میں مختلف محکموں کے افسران و ملازمین شرکت کریں گے. سی ای او ایجوکیشن 5 فروی کے حوالے سے سکولوں میں مقابلہ جات ( قرآت، نعت و تقاریر) منعقد کروائیں. محکمہ پولیس کو ریلی میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی.
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ضلعی انتظامیہ لاہور نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے لاہور کے سرکاری سکولوں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا اور کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر آواز بلند کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو فی الفور بند کیا جائے. کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو حق خودارادیت دیا جائے اور ان کو آزادی جیسی نعمت دی جائے. پنجاب حکومت کی ہدایت پر اور ڈی سی لاہور محمد علی کی نگرانی میں آج لاہور کی تمام تحصیل سٹی، ماڈل ٹاؤن، کینٹ شالیمار اور راۓ ونڈ کے پرائمری مڈل اور ہائی سکولوں میں بچوں نے ریلیاں نکالیں اور کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو پیش کیا. طالب علموں نے تقریر میں بھارتی جبر کو اجاگر کیا. بچوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے لئے عالمی برادری پر زور دیا گیا. علاوہ ازیں لاہور کے تمام سکولوں میں پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہراۓ گئے اور بچوں نے پینٹنگ کے ذریعے بھی کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کیا.