
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد حنیف گل کی جانب سے کھلی اور ای کچہری کا انعقاد ہوا۔
کھلی کچہری میں مختلف نوعیت کی 22 جبکہ 3 آن لائن شکایات بھی موصول ہوئیں،کھلی کچہری میں پشاور اور کراچی کے دومیان چلنے والی عوام ایکسپریس ٹرین کی جلد بحالی کا مطالبہ۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ کی خصوصی ہدایت پر کھلی اور ای کچہری کا انعقاد ہوا۔ کھلی اور ای کچہری کا انعقاد ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اس موقع پر ریلوے ملازمین سمیت ریلوے سے منسلک افراد کی شکایات و مسائل سنے گئے۔ کھلی کچہری میں مختلف نوعیت کی 22 جبکہ 3 آن لائن شکایات بھی موصول ہوئیں۔ اکثر شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کردیا گیا جبکہ دیگر شکایات کے فوری ازالے کیلئے افسران کو موقع پر احکامات و ہدایات دیں گئیں۔ کھلی کچہری میں پشاور اور کراچی کے دومیان چلنے والی عوام ایکسپریس ٹرین کی جلد بحالی کا مطالبہ بھی کیا گیا جس پر ڈی ایس ریلوے لاہور کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس ٹرین ریلوے کی مقبول ترین ٹرین ہے تاہم مسافروں کی سہولت کیلئے عوام ایکسپریس کی جلد بحالی زیرغور ہے۔ اس کے علاوہ کھلی کچہری میں شاپس کی نیلامی، ٹی ایل اے پر نوکری، تنخواہ میں انکریمنٹ سمیت تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور پروموشن سے متعلق شکایات سنیں گئیں۔ کھلی کچہری میں ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ، کوارٹرز الائٹمنٹ سمیت کوارٹروں کی مرمت سے متعلق شکایات بھی سنیں گئیں۔ کھلی کچہری کے موقع پر ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ تمام شکایات کا ازالہ میرٹ، ریلوے پالیسی اور ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ ٹرین کرایوں میں حالیہ اضافے کی شکایت پر ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے نے ٹرین آپریشن بحال رکھنے کے حوالے سے ٹرین کرایوں میں معمولی اضافہ کیا یے۔ انہوں نے کہا کہ نظام بہتر ہونے سے شکایات کے فوری ازالے میں مدد ملتی ہے تاہم بہتر نظام بنانے کی پھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ نیلام عام سے متعلق شکایت پر انہوں نے کہا کہ آکشن کے حوالے سے قوائدوضوابط مزید بہتر اور شفاف بنائے جائیں تاکہ آکشن میں مسائل پیدا کرنے والے عناصر کا سدباب کیا جاسکے۔ کھلی کچہری میں ان کا مزید کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود شکایات کے فوری ازالے کیلئے کوشاں ہیں۔ کھلی اور ای کچہری کے موقع پر ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر عمارہ سمیح، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرز فرحت عباس گوندل، محمد جمشید علی، واصف اکرام، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ توصیف ظفر، ڈویژنل میڈیکل آفیسر صائمہ ممتاز، ڈویژنل مکینیکل انجینئر احسن ضمیر، اسسٹنٹ مکینیکل انجینئر عثمان یحی، اسسٹنٹ اکاونٹس افیسر محمد ارشاد کے علاوہ دیگر متعلقہ سٹاف بھی موجود تھا.