
سابق رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا کا بھائی ملک جہانگیر بجلی چور نکلا
سابق رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا کے بھائی ملک جہانگیر پر بجلی چوری کا الزام سامنے آیا ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ملزم لائٹ ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہا تھا، ملزم کے ذمہ لیسکو کی 27 لاکھ روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔اس سلسلے میں لیسکو کے سنٹرل سرکل علی رضا آباد سب ڈویژن کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن سابق رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا کا بھائی ملک جہانگیر بجلی چوری میں ملوث نکلا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ملزم جہانگیر بارا علی رضا آباد سب ڈویژن کے علاقے میں لیسکو کی لائٹ ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر اور بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کررہا تھا، ملزم چوری کی بجلی 80گھروں کو سپلائی کر رہا تھا، ملزم لیسکو کا 27 لاکھ روپے کا نادہندہ بھی ہے،ملزم کو15 لاکھ روپے کا مزید جرمانہ کردیا گیا ہے، ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔