اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

 مفلوج مریضوں کی بحالی کیلئے لاہور میں پنجاب کا پہلا پیراپلیجک سینٹر قائم

چیف سیکرٹری نے مصنوعی اعضاء کی تیاری کیلئے ورکشاپ اور فزیو تھراپی روم سمیت سینٹرکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے بارے دریافت کیا

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث مفلوج مریضوں کی بحالی کیلئے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں قائم کئے جانیوالے پنجاب کے پہلے پیراپلیجک سینٹر نے کام کا آغاز کر دیا۔20بیڈز پر مشتمل سینٹر کا افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کیا۔
چیف سیکرٹری نے مصنوعی اعضاء کی تیاری کیلئے ورکشاپ اور فزیو تھراپی روم سمیت سینٹرکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے بارے دریافت کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث مفلوج افراد کی بحالی کیلئے صوبہ میں پانچ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پیراپلیجک سینٹر نے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جبکہ ملتان، فیصل آباد، تونسہ اور واہ کینٹ میں بھی پیر اپلیجک سینٹرز جلد فعال کر دیئے جائیں گے۔
محکمہ صحت کے حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پیراپلیجک سینٹر میں زیر علاج تمام مریضوں کا آن لائن ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے،ان مریضوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے انکی کونسلنگ بھی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی اعضاء کی تیاری کیلئے پیرا پلیجک سینٹر میں ورکشاپ قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی او پی ڈی میں روزانہ  تقریبا دو ہزار سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button