پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز مئی میں کھیلی جائے گی
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشمتمل سیریز مئی میں کھیلی جائے گی۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی ٹیم کے دورہ آئرلینڈ کے شیڈول کو جاری کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچ 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن کے کاسل ایوینیو سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم نے رواں برس جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل 12 ٹی20 میچز کھیلنے ہیں جن کا یہ سیریز حصہ ہے۔
دورہ آئرلینڈ سے قبل پاکستان پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد گرین شرٹس کا اگلا امتحان انگلینڈ کے خلاف چار ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز ہوگی جس کا آغاز 22 مئی سے ہوگا۔
پاکستانی ٹیم 2018 کے بعد پہلی مرتبہ آئرلینڈ کا ٹور کرے گی۔
سنہ 2018 میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں واحد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ یہ آئرلینڈ کا ٹیسٹ سٹیٹس ملنے کے بعد بطور ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ٹی20 میچوں پر مشتمل مختصر سیریز 2020 میں شیڈول تھی جسے کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔
یہاں واضح رہے کہ پاکستان نے رواں برس نیدرلینڈز کے خلاف بھی تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز بھی مئی میں کھیلنی تھی تاہم گزشتہ برس نومبر میں پی سی بی کی درخواست پر اس سیریز کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پی سی بی نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹی20 سیریز کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو بہتر بنانے کے لیے ملتوی کی تھی۔