ہیلتھ انشورنس پروگرام کے فنانشل ماڈل کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر
یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں ریٹس کو ریوائز کیا جائے گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں
لاہور08 جون:-صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں ہیلتھ انشورنس کے ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس منعقدہوا-صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس پروگرام میں اصلاحات کا جائزہ لیا۔تمام ماہرین نے اس حوالہ سے قیمتی تجاویز اور آراء سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ورکنگ گروپ کے ممبران کی سفارشات جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائیں گی۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں ہیلتھ انشورنس کے پروگرام میں خرابیوں کو دور کرنا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی استدکار بڑھانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے فنانشل ماڈل کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ہمارے لئے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض سب سے اہم ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں ریٹس کو ریوائز کیا جائے گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں۔ آج بیٹھنے کا بنیادی مقصد یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری لانا ہے۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام میں عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینے کی کوشش ہے۔ ہم ہیلتھ انشورنس پروگرام کو سیلف سسٹین ایبل بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر عدنان خان، پروفیسر محمد علی ایاز صادق، محکمہ پی اینڈ ڈی سے نمائندہ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ فنانس اور ڈاکٹر زاہد پرویز نے شرکت کی۔