پاکستانتازہ ترین

توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ بشری بی بی مجموعی طور پر نو ماہ جیل میں رہیں

اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کر دی جسے مشال یوسفزئی کے ہمراہ عدالتی عملہ لے کر اڈیالہ جیل پہنچا جہاں سے انہیں رہا کر دیا گیا۔
انتظامیہ نے روبکار موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کی ۔ بشری بی بی جیل سے باہر نکل کر سفید رنگ کی لینڈ کروزر میں بیٹھ کر روانہ ہو گئیں۔
اس موقع پر اڈیالہ کے باہر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور پولیس کے تازہ دم دستے اڈیالہ جیل گیٹ 5 پر تعینات رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ بشری بی بی مجموعی طور پر نو ماہ جیل میں رہیں۔ انہیں رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔
کمشنر اسلام باد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا اور انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا لیکن پھر کچھ عرصہ قید رہنے کے بعد بشری بی بی نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں اڈیالہ جیل ہی منتقل کر دیا جائے جس پر انہیں اڈیالہ منتقل کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشری بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی تھی جس کے بعد انہیں توشہ خانہ ٹو میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button