پاکستان

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی بورڈ آف ریونیو کے نمائندگان سے ملاقات،مذہبی اقلیتیوں کی اراضی کے تحفظ بارے بات چیت

اقلیتیوں کو اپنے حقوق اور اراضی کی رجسٹریشن کے عمل سے آگاہ کیا جا ئے ۔انہوں نے نمائندگان کو تاکید کی کہ وہ اس کام میں تیزی لائیں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مزید بہتر تعاون کریں تاکہ اقلیتیوں کو ان کے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی مل سکے۔

لاہور: صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بورڈ آف ریونیو کے نمائندوں سے ایک اہم ملاقات کی،جس میں پنجاب میں اقلیتیوں کے لیے اراضی کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات کا مقصد وزارت اور محکمے کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا تاکہ اقلیتیوں کو اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی دی جا سکے اور اراضی کی ملکیت کے حوالے سے ان کی رہنمائی کی جا سکے۔
ملاقات میں سابق صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین، ممبران صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ایمانوئیل اطہر، بابا فیلبوس کرسٹوفر، شکیلہ آرتھر، پارلیمانی سکریٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا آشر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بورڈ آف ریونیو کے نمائندگان نے صوبائی وزیر کو پنجاب اربن لینڈ سسٹمز اینہانسمنٹ پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس پروجیکٹ کے تحت صوبے بھر میں اقلیتیوں کے لیے اراضی کے حقوق کے تحفظ کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں حافظ آباد اور لودھراں میں سروے مکمل کیے گئے ہیں اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید سروے کیے جائیں گے تاکہ اقلیتیوں کو اراضی کے حقوق کے حوالے سے مکمل دستاویزات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر ممبران پنجاب اسمبلی کو یہ بھی بتایا گیا ایک نیا لینڈ ٹرانسفر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اقلیتیوں کے اراضی کے حقوق کا تحفظ اور نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے اقلیتیوں کے اراضی کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور ایک جامع پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان تشکیل دینے جا رہا ہے ،جس کا مقصد اقلیتیوں کے اراضی کے حقوق کو محفوظ بنانا ہے اور اس کے ذریعے موجودہ چیلنجز کو حل کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے عوامی آگاہی کے پروگرامز اور معلوماتی مہمات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتیوں کو اپنے حقوق اور اراضی کی رجسٹریشن کے عمل سے آگاہ کیا جا ئے ۔انہوں نے نمائندگان کو تاکید کی کہ وہ اس کام میں تیزی لائیں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مزید بہتر تعاون کریں تاکہ اقلیتیوں کو ان کے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی مل سکے۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے نمائندگان کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ان اقدامات کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی، جس سے اقلیتیوں کو معاشی استحکام اور تحفظ حاصل ہو۔
سابق وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے اُمید ظاہر کی کہ یہ ملاقات پنجاب میں اقلیتیوں کے لیے اراضی کے حقوق کی فراہمی کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور ان کے معاشی استحکام اور سلامتی کے لیے اہم قدم ثابت ہو گی۔
اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر قاضی، ڈپٹی سیکرٹری اقلیتی امور عائشہ یاسین ،مسز تجور (جینڈر اسپیشلسٹ) پلس-بور، ملک وسیم سوان (سوشل سیف گارڈ اسپیشلسٹ) پلس-بور اور منیب سہیل (سی ای مینجر) پلس-بور بھی موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button