
سید کاشف ندیم ارحم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کےساتھ
سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرِ اہتمام 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب کے 126 میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار اور یادگار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر تھے، جنہوں نے پنجاب کے کامیاب کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 3 لاکھ 50 ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے۔
تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی، سابق سیکرٹری سپورٹس مظفر خان سیال، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سی ای او حیدر خواجہ، سیکرٹری وقار علی، مختلف سپورٹس فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، کھلاڑی، کوچز اور سپورٹس سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو نیشنل گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں نہ صرف تقریب کا اہتمام کر رہا ہے بلکہ کروڑوں روپے کے انعامات بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کھیلوں کے فروغ سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی عملی اقدامات کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 36 سال بعد پنجاب نے نیشنل گیمز میں کئی بڑے اداروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 16 گولڈ میڈلز جیتے جو ایک تاریخی کامیابی ہے۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹس جرنلسٹس کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید بتایا کہ انفرادی ایونٹس میں گولڈ میڈلسٹ کو 5 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کو 3 لاکھ جبکہ برانز میڈلسٹ کو 2 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹیم ایونٹس میں گولڈ میڈلسٹ کو 8 لاکھ، سلور کو 5 لاکھ اور برانز میڈلسٹ کو 3 لاکھ روپے دیے گئے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے ماہانہ وظائف میں اضافے کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت پلاٹینم کیٹیگری 75 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ، گولڈ 50 ہزار سے 75 ہزار اور سلور 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز میں پنجاب کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے کی سپورٹس درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا وزیر کھیل، ڈی جی سپورٹس، کوچز اور کھلاڑیوں کو دیا۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں پنجاب کی سپورٹس ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل گیمز سے قبل ماہر کوچز کی نگرانی میں تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا جہاں کھلاڑیوں کو معیاری رہائش، خوراک اور جدید تربیت فراہم کی گئی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب 2027ء میں ہونے والے نیشنل گیمز میں اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔
پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سی ای او حیدر ادریس خواجہ نے کہا کہ وزیر کھیل پنجاب اور ڈی جی سپورٹس پنجاب کی مکمل معاونت کے باعث پنجاب کی ٹیم تمام صوبوں اور کئی اداروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے نمایاں کھلاڑیوں میں ویٹ لفٹنگ میں فرقان احمد، ریسلنگ میں محمد عبداللہ اور عبدالرحمان، ووشو میں ثمر عباس، محمد عمیر، زیب حسنین اور مریم رفیق، جمناسٹکس میں محمد وقاص، کراٹے میں سردار احسن رسول، زہرہ بتول اور حمانیہ جاوید، فینسنگ میں نتاشہ مقصود اور نوال ندیم جبکہ ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبل میں اویس حسن اور کلثوم خان شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے کھلاڑی مستقبل میں بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے اور حکومتِ پنجاب ان کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔




