اہم خبریںپاکستان

اسلام آباد: قومی علماء کنونشن سے وزیراعظم کا خطاب ،دہشت گردی کے خاتمے اور قومی اتحاد کو ترقی و استحکام کی بنیاد قرار

"دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر ترقی کا سفر پٹڑی پر نہیں آ سکتا۔ قوم کی دعاؤں اور اللہ کے فضل سے پاکستان نے معرکہ حق میں بڑی کامیابی حاصل کی۔"

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردونیوز کے ساتھ

اسلام آباد میں بدھ کے روز منعقد ہونے والے قومی علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، معاشی بحالی اور دیرپا استحکام کے لیے اتحاد، یکجہتی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف کوئی بھی پروپیگنڈا ناقابلِ برداشت ہے اور شہداء کی عظیم قربانیوں کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور ملک بھر سے آئے علماء و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔


"معاشی بحالی اتحاد کے بغیر ممکن نہیں” — وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی بحالی اور ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، لیکن اس سفر کی کامیابی قومی اتحاد کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا:

"دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر ترقی کا سفر پٹڑی پر نہیں آ سکتا۔ قوم کی دعاؤں اور اللہ کے فضل سے پاکستان نے معرکہ حق میں بڑی کامیابی حاصل کی۔”

وزیراعظم نے بتایا کہ عسکری و سیاسی قیادت نے مل کر کام کیا اور معیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر دوبارہ مستحکم راستے پر ڈالا۔


افواج پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین

وزیراعظم نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جرات، بہادری اور عزم کے ساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا:

"بری، بحری اور فضائیہ سمیت تمام افواج کا کردار قابل ستائش ہے۔ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔”

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بے گناہ شہری اور سکیورٹی اہلکار روزانہ دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں اور یہ سلسلہ روکنے کے لیے ریاست پوری قوت سے کام کر رہی ہے۔


فرقہ واریت کے خاتمے کی اپیل

شہباز شریف نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں فرقہ واریت اور تفرقہ بازی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ امت اور معاشرہ اسی وقت آگے بڑھ سکتا ہے جب قوم ایک ہو کر ترقی کے سفر میں شریک ہو۔


تحریکِ پاکستان میں علماء کا کردار — نئی نسل کو یاد دلانے کی ضرورت

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جدوجہد میں علماء کرام کا کردار تاریخی ہے، کیونکہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی۔ انہوں نے کہا:

"ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں، گھر بار چھوڑا، ملک کی خاطر سب کچھ قربان کیا۔ ہمیں امانت، دیانت اور محنت کو اپنا شعار بنا کر ملک کو اقبال اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر بنانا ہے۔”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی ترقی یافتہ قومیں سخت محنت کے ذریعے آگے بڑھی ہیں اور پاکستان بھی اسی راستے پر چل کر خود انحصاری کی منزل حاصل کر سکتا ہے۔


"پائی پائی بچائیں گے، ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے”

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت دن رات ایک کر کے ملک کو ترقی کی نئی سمت دینے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ:

"محنت اور کفایت شعاری کو اختیار کر کے ہم پاکستان کو قرضوں سے نجات دلائیں گے اور خود انحصاری کی منزل حاصل کریں گے۔”

انہوں نے کہا کہ دنیا معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی معترف ہے، دشمن حیران ہے اور دوست ممالک اس فتح پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔


افواج کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت

خطاب کے اختتام میں وزیراعظم نے سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ:

"افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی فوج کا دفاع کریں، جس نے پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن کو ایسی شکست ہوئی ہے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، اور اسی مضبوطی کے ساتھ پاکستان مستقبل میں بھی سر اٹھا کر آگے بڑھے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button