پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب کی جانب سے یومِ انسانی حقوق 2025 کی شاندار تقریب کا انعقاد

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا آشر اور سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ کی خصوصی شرکت

قاسم بخاری.پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور (HR&MA)، حکومت پنجاب کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ انسانی حقوق 2025 کے سلسلے میں لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیرِ اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا آشر، اراکینِ پارلیمنٹ، سرکاری افسران، مسیحی، سکھ اور ہندو برادریوں کے نمائندگان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یومِ انسانی حقوق کی عالمی اہمیت اور اس کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں بشمول اقلیتوں، خواتین، نوجوانوں اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہےجبکہ پنجاب حکومت انسان دوست پالیسیوں اور مساوات پر مبنی معاشرے کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یو این ڈی پی کی نمائندہ مدیحہ فرید اور انکی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد یو این ڈی پی کے تعاون سے ہیومن رائٹس انفارمیشن سسٹم بنانے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یوسف نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے اور پورے پروگرام کو بخوبی آگے بڑھایا۔
اپنے کلیدی خطاب میں سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت انسانی حقوق کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی، اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کے مکمل تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک برداشت پر مبنی، منصفانہ اور مساوی معاشرہ ہی پائیدار امن اور ترقی کی بنیاد ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری سونیا آ شر نے کہا کہ قانون سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور معاشرتی شمولیت کے ذریعے خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کے مساوی حقوق کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔تقریب میں ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، فیسز پاکستان کے سربراہ جاوید ولیم اور دیگر مذہبی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، چیئرپرسن ہیومن رائٹس چیئر، پنجاب یونیورسٹی، ڈاکٹر عالیہ خالد، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ سوشل ورک، پنجاب یونیورسٹی اور اے آئی جی (لیگل)، محکمہ داخلہ نے شرکت کی ۔ تقریب میں "جینا ہے یا مرنا ہے” کے عنوان سے ایک متاثرکن تھیٹر پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جس میں ایک نوجوان لڑکی کی آزادی، خوابوں اور بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد کو مؤثر انداز میں دکھایا گیا۔ اس پرفارمنس نے شرکاء کو گہرے تاثر سے دوچار کیا۔ تقریب کے اختتام پر انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے کارکنوں، سماجی رہنماؤں اور اقلیتی نمائندوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں سرکاری محکموں کے افسران، اراکینِ پارلیمنٹ، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی، مسیحی، سکھ، ہندو برادریوں کے مذہبی رہنماؤں سمیت نوجوان رضاکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button