اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

نیب لاہور میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا گیا

نیب لاہور نے79 ارب روپے کی ریکوری کی جبکہ 21,000 سے زائد متاثرین کو ان کی محنت کی کمائی واپس دلائی گئی, 5000 کنال سرکاری زمین جس کی مالیت 181 ارب روپے سے زائد ہے، بھی واگزار کروائی

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
نیب لاہور میں انسدادِ بدعنوانی کا عالمی دن 2025 منانے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی جن میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور مرزا فاران بیگ شامل تھے۔ اس کے علاوہ سینئر بیوروکریٹس، جن میں مسٹر نبیل جاوید (ایس ایم بی آر)، مسٹر تجمل عباس (سیکرٹری ہائر ایجوکیشن)، ڈاکٹر محمود ایاز (وائس چانسلر کے ای ایم یو)، مسٹر مہتاب وسیم (رجسٹرار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ)، ڈاکٹر اطہر سعید، سابق ڈی جیز نیب، سینئر افسران، طلباء اور میڈیا کے نمائندگان بھی شریک تھے۔
ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ نے خطاب کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی معاشی ترقی اور عوام کے اعتماد کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے امانت و دیانت پر مبنی طرزِ حکمرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کو آگاہی، کردار سازی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے ذریعے بااختیار بنانے کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ نیب لاہور نے (براہِ راست و بالواسطہ) 79 ارب روپے کی ریکوری کی جبکہ 21,000 سے زائد متاثرین کو ان کی محنت کی کمائی واپس دلائی گئی۔ اس کے علاوہ نیب لاہور نے 5000 کنال سرکاری زمین جس کی مالیت 181 ارب روپے سے زائد ہے، بھی واگزار کروائی۔ ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ شفافیت کے فروغ اور بدعنوانی سے پاک پاکستان کے لیے عوامی شراکت ناگزیر ہے، اور نیب لاہور اپنی آگاہی مہمات، سیمینارز اور عوامی رابطہ سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدعنوانی اداروں کو کمزور اور قومی ترقی کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کو شامل کرنے کے لیے نیب لاہور کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ تعلیم، احتساب اور شہری ذمہ داری کے ذریعے ہی بدعنوانی کا مؤثر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو معاشرے میں شفافیت اور دیانت کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
تقریب کے دوران سال بھر میں مختلف مقابلوں اور آگاہی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں اسناد اور تعریفی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ شوبز اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات — محترمہ سارہ رضا خان، جناب جواد احمد، جناب مشتاق احمد، جناب عارف لوہار، جناب وارث بیگ، محترمہ ایمان فاطمہ، جناب خالد خان اور جناب قلبِ عباس — کی شرکت نے نوجوانوں کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا اور بدعنوانی کے خلاف پیغام کو تخلیقی انداز میں اجاگر کرنے میں مدد دی۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر اور علامہ ناصر مدنی کی آمد نے تقریب کو مزید وقار بخشا۔ علامہ ناصر مدنی نے ملک کی خوشحالی خصوصاً نوجوانوں کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔
دن کی مناسبت سے طلباء، نیب افسران اور معزز مہمانوں نے نیب لاہور کے احاطے میں ایک آگاہی واک میں شرکت کی، جس میں بدعنوانی کے خلاف نعرے درج بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے گئے تھے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب، ڈی جی نیب لاہور، معزز مہمانان، فنکاروں اور طلباء کے ساتھ گروپ فوٹو لیا گیا، جو احتساب اور دیانت داری کے اجتماعی عزم کی علامت تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button