
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز،آپی نیوز ایجنسی کے ساتھ
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آج اتوار کی صبح ایک گھر میں گیس سلنڈر کے دھماکےکے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں دیگر سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا، جب شادی کی تقریب کے بعد گھر میں موجود افراد سو رہے تھے۔ دھماکے سے گھر کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جبکہ قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
سرکاری ایڈمنسٹریٹر صاحبزادہ یوسف کے مطابق حکام کو واقعے کی اطلاع اتوار کی علی الصبح ملی۔ اطلاع کے فورا بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایات جاری کی ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان میں گیس پریشر میں کمی کے باعثایل پی جی سلنڈرز کا استعمال عام ہے اور ماضی میں بھی گیس لیکیج کے باعث ایسے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔



