
وزیرمملکت بلال اظہر کیانی کا جہلم میں الیکٹرو بس میں شہریوں کے ہمراہ سفر، کیتھ لیب و ترقیاتی منصوبوں کا دورہ
وہ خود سفر کرکے الیکٹرو بس سروس کے معیار کو دیکھنا چاہتے تھے، مسافروں نے سروس کے معیار کو بے حد سراہا ہے
پاکستان-جہلم،مخدوم حسین کے ساتھ
وزیرمملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اپنے انتخابی حلقے جہلم میں الیکٹرو بس میں عام شہریوں کے ہمراہ سفر کیا اور باقاعدہ ٹکٹ خرید کر بس سروس کا جائزہ لیا۔ جہلم سے منتخب رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی الیکٹرو بس اسٹاپ پر شہریوں کے ساتھ کھڑے ہوئے اور ان کے ہمراہ سفر کیا، اس دوران انہوں نے مسافروں سے الیکٹرو بس سروس جبکہ خواتین سے سفری سہولیات کے بارے میں گفتگو بھی کی۔
وزیرمملکت نے جہلم کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں امراض قلب کے علاج کے لیے قائم ہونے والی پنجاب کی پہلی ضلعی کیتھ لیب کا بھی دورہ کیا، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ڈاکٹروں و مریضوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح جہلم کے عوام کو بھی سفر اور علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وہ خود سفر کرکے الیکٹرو بس سروس کے معیار کو دیکھنا چاہتے تھے، مسافروں نے سروس کے معیار کو بے حد سراہا ہے اور مستقبل میں بسوں اور روٹس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں، ماؤں، بہنوں، طلبہ اور ہر شہری کو معیاری، باوقار اور سستی سفری سہولت ملنے پر تمام اہل جہلم خوش ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 20 روپے کرائے میں جہلم سے دینہ اور منگلا تک الیکٹرو بس سروس عالمی معیار کی سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ کیمروں کی تنصیب سے سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیرمملکت کے مطابق الیکٹرک بس اور کیتھ لیب سے متعلق عوام سے کیے گئے دونوں وعدے پورے کر دیے گئے ہیں، اب تک نو مریضوں کی انجیوگرافی اور تین مریضوں کی انجیو پلاسٹی کی جا چکی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے معیار کا جدید ترین اور مفت دل کا علاج اب جہلم میں دستیاب ہے جبکہ مستقبل میں اوپن ہارٹ سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جون تک للہ جہلم روڈ مکمل ہو جائے گا جبکہ موٹر وے سے پنڈدادن خان تک کا سیکشن بھی مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں سیوریج کا کانو ارب روپے لاگت سے میگا منصوبہ منظور ہو چکا ہے، گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں بین الاقوامی معیار کا ہاکی گراؤنڈ تعمیر کیا جائے گا اور آسٹروٹرف کی سہولت مہیا ہوگی۔ جہلم اور اس کی تحصیلوں میں خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لیے بھی کام جاری ہے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ عوام کی قوت خرید بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں اور الیکٹرو بس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی مہنگائی میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج اور پی ٹی آئی دو الگ چیزیں ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے منصوبوں سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب، الیکٹرو بس، کیتھ لیب، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبے حقیقت بن چکے ہیں۔ بلال اظہر کیانی نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے صوبے میں کام کرنے کے بجائے دیگر صوبوں کے دورے کر رہے ہیں اور پہیہ جام کرنا چاہتے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سندھ میں پہیہ جام کرنے کے بجائے پشاور میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو دہشت گرد کو دہشت گرد کہنے سے کتراتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ ڈالنے کے بجائے رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔
وزیرمملکت نے کہا کہ مذاکرات کے عمل میں رکاوٹ بانی پی ٹی آئی ہیں، جو سیاسی اور جمہوری رویہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک سیاسی اور جمہوری جماعت ہیں اور مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کے فلور سے بہتر کوئی فورم نہیں ہو سکتا، مگر پی ٹی آئی نے ماضی میں بھی بات چیت کا عمل ترک کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے صرف شور شرابا کرتی ہے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، سیاسی اتحاد کامیابی سے چل رہا ہے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا گیا ہے۔
دریں اثنا وزیرمملکت بلال اظہر کیانی فاتحہ خوانی کے لیے بھی جہلم کے مختلف علاقوں میں گئے۔



