Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
پاکستانتازہ ترین

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا نیووٹیک کی شاندار کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

فنی و تکنیکی تربیت کے نئے اہداف مقرر کرنے اور اپرینٹس شپ قانون پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیووٹیک – NAVTTC) کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فنی و تکنیکی تربیتی پروگرامز کے لیے نئے اہداف کے تعین اور اپرینٹس شپ قانون پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر ایک اہم جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نیووٹیک کے تحت جاری مختلف تربیتی پروگرامز کی پیش رفت اور نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز کی فراہمی ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت بڑھانے کے لیے وزارتِ خارجہ اور وزارتِ سمندر پار مقیم پاکستانی باہمی اشتراک سے اقدامات میں تیزی لائیں تاکہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں سے بھرپور ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے نیووٹیک کے ذریعے ایک جامع اور مؤثر پروگرام کا آغاز کیا گیا، جس کے مثبت نتائج اللہ کے فضل و کرم سے سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فنی و تکنیکی تربیت کے تمام پروگرامز کو جدید تقاضوں اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مسلسل اپ ڈیٹ کیا جائے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے نیووٹیک کے تمام پارٹنر تربیتی اداروں میں زیرِ تربیت طلباء و طالبات اور اساتذہ کے لیے بائیو میٹرک نظام کے تحت حاضری کو لازمی قرار دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت، معیار اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بناتے ہوئے نیووٹیک کے پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ نیووٹیک کے تحت جن اداروں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، ان کی رکنیت معطل کر کے ان کے خلاف ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ نیووٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں نیووٹیک کے ساتھ کام کرنے والے نجی شعبے کے تھرڈ پارٹی ویلیڈیٹرز، صنعتی شعبے کے شراکت دار، پیشہ ورانہ فرمز، چیمبرز آف کامرس، کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیووٹیک نے وزیرِ اعظم کی جانب سے تفویض کردہ تربیتی پروگرامز کے اہداف کا کامیابی سے حصول یقینی بنایا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیووٹیک اپنے تمام پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنا رہی ہے، جس کے تحت طلباء و طالبات کی بائیومیٹرک حاضری، ٹرینرز کے اعلیٰ معیار اور نتائج کی بنیاد پر اداروں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیووٹیک کے تحت پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسکل بیسڈ بانڈ کا اجراء کیا جا چکا ہے، جس کے ذریعے نجی شعبے سے پیشہ ورانہ تربیت کے لیے نتائج کی بنیاد پر فنڈنگ حاصل کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت نیووٹیک کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، فِن ٹیک، کان کنی، سیاحت، اسپورٹس، ہاسپیٹیلٹی، شپ بلڈنگ سمیت بین الاقوامی سطح پر طلب رکھنے والے مختلف شعبوں میں تربیتی پروگرامز ملک بھر میں جاری ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نیووٹیک کے تمام فنی و تکنیکی تربیتی پروگرامز کو مکمل طور پر انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، جس کے لیے ملک بھر کی 148 صنعتوں کو ان پروگرامز میں شامل کیا گیا۔ مزید برآں، ملک بھر کے مدارس میں بھی تربیتی پروگرامز کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکا ہے۔
اجلاس کو ان پروگرامز سے کامیابی کے ساتھ فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔ اعداد و شمار پر مبنی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس نیووٹیک کے ذریعے 1 لاکھ 46 ہزار افراد نے تربیت حاصل کی، جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز فراہم کی گئیں۔ اسی طرح “تکامل” پروگرام کے ذریعے 3 لاکھ سے زائد افراد نے تربیت حاصل کی اور 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد سعودی عرب میں اسی نظام کے تحت برسرِ روزگار ہوئے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 350 سے زائد اداروں کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں نیووٹیک کی جانب سے بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کا لائسنس جاری کیا گیا، جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد کو صنعتوں کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے پائلٹ منصوبے کا آغاز بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ 2600 نئے اداروں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تربیت فراہم کرنے والے اداروں کو ادائیگی نتائج کی بنیاد پر کی جاتی ہے، جس سے معیار اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں گوگل، مائیکروسافٹ اور دیگر عالمی سرٹیفیکیشن اداروں کے ساتھ اشتراکِ کار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے نیووٹیک کو تفویض کردہ تمام اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نیووٹیک کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید بہتری کے لیے نئے اہداف مقرر کرنے کی ہدایت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فنی و تکنیکی تربیت کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنا کر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button